بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

شہباز نام کا مطلب


سوال

شہباز حسین کا معنی اور  مطلب بتائیں،  نیز یہ بھی بتائیں کہ اس کا  ستارا کیا ہو گا؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں شاہ باز کا معنی بڑا باز (شاہین) اور شکاری پرندے کے آتا ہے، یہ لفظ  بہادری اور خوب صورتی کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے،جب کہ حُسین حَسن کی تصغیر ہے، اور اس کا معنی ہے  ایک چھوٹا خوب صورت۔

(فیروز اللغات جدید، ص333،483،ط: فیروز سنز)

نام  اور تاریخ ِ پیدائش کے ذریعے ستارہ نکالنا اور  پھر اس ستارے سے مستقبل کے حالات جاننے کی کوشش کرنا بے کار ہے، کیوں کہ ستاروں کی تخلیق کے من جملہ فوائد میں سے اللہ رب العزت نے ان کے ذریعے  راستے اور اوقات کا جاننا بیان فرمایا ہے، لہٰذ ا ستاروں سے  راستے، اوقات وغیرہ  جانے جاسکتے ہیں،  نیز ان کی چال سے ظنی اور تخمینی طور پر موسم کا  اندازا بھی  کیا جاسکتاہے،لیکن مستقبل میں پیش آنے والے حالات کا ستاروں سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے، لہٰذا ستاروں کے ذریعے مستقبل کے احوال جاننے کی کوشش کرنا بے کار ہے، اور ان باتوں  پر یقین  کرنا ناجائز اور حرام ہے، لہٰذا اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔ 

 سنن ابن ماجہ میں ہے:

"حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرٍ قَالَ: حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ، عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ الْأَخْنَسِ، عَنِ الْوَلِيدِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ، عَنْ يُوسُفَ بْنِ مَاهَكَ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنِ اقْتَبَسَ عِلْمًا مِنَ النُّجُومِ، اقْتَبَسَ شُعْبَةً مِنَ السِّحْرِ زَادَ مَا زَادَ".

(سنن ابن ماجه، كِتَابُ الْأَدَبِ، بَابُ تَعَلُّمِ النُّجُومِ، رقم: ٣٧٤٩)

ترجمہ:

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’ جس نے علم نجوم میں سے کچھ حاصل کیا ، اس نے سحر (جادو ) کا ایک حصہ حاصل کرلیا ، اب جتنا زیادہ حاصل کرے گا گویا اُتنا ہی زیادہ جادو حاصل کرے گا‘‘۔ 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144307101109

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں