کیا روزے کی حالت میں ہیئر کلر استعمال کر سکتے ہیں؟
روزے کی حالت میں ہئر کلر لگانا جائز ہے، اس سے روزہ پر فرق نہیں پڑتا۔
یہ ملحوظ رہے کہ شرعًا خالص کالے رنگ کاخضاب لگاناجائز نہیں ہے، احادیثِ مبارکہ میں اس کی ممانعت اور سخت وعیدآئی ہے، صرف حالتِ جہاد میں دشمن کو مرعوب رکھنے اور اس کے سامنے جوانی اور طاقت کے اظہار کے لیے کالا خضاب استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ابوداودشریف کی روایت میں ہے:"حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہماارشادفرماتے ہیں: جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:آخری زمانہ میں کچھ لوگ ہوں گے جوسیاہ خضاب لگائیں گے،جیسے کبوترکاسینہ،ان لوگوں کوجنت کی خوشبوبھی نصیب نہ ہوگی"۔ البتہ خالص کالے رنگ کے علاوہ دیگر رنگوں کے(مثلاً: ڈارک براؤن وغیرہ) خضاب لگانا جائز ہے۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144209201141
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن