بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

رزق اور کاروبار میں برکت کے لیے دعاء اور وظائف


سوال

مجھے رزق کی بہت تنگی ہے،کسی جگہ کام نہیں ملتا،اپنی شاپ بھی نہیں چلی،وہ بیچ دی،میں سورۂ کوثر کا وظیفہ بھی صبح،شام  پڑھتا ہوں۔کوئی دعاء اور وظیفہ بتادیں ۔

جواب

رزق ( روزی )  اور کاروبار میں برکت کے لیے پانچوں نمازوں کی پابندی کے ساتھ درج ذیل سورت ،دعائیں پڑھنے کے ساتھ استغفار کی کثرت اور حسبِ استطاعت صدقے کا معمول رکھنا چاہیے:

1:حضرت عبد اللہ ابن مسعود ( رضی اللہ عنہ ) سے روایت ہے  کہ رسول کریم ( صلی اللہ علیہ و سلم ) نے فرمایا جو شخص رات  میں سورۂ واقعہ پڑھتا ہے وہ کبھی بھی فاقہ کی حالت کو نہیں پہنچتا،حضرت عبد اللہ ابن مسعود ( رضی اللہ عنہ ) اپنی صاحب زادیوں کو حکم دیا کرتے تھے کہ وہ ہر رات  میں یہ سورت پڑھا کریں۔

2:"اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِيْ ذَنْبِيْ، وَوَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ، وَبَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ."

ترجمہ : اے اللہ ! میرے گناہ بخش دیجیے،اور میرے گھر میں وسعت اور میرے رز ق میں برکت عطاءفرما۔

3:حضرت ابو ہریرہ ( رضی اللہ عنہ ) فرماتے ہیں:ایک روز میں رسول کریم ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے ساتھ باہر نکلا اس طرح کہ میرا ہاتھ آپ کے ہاتھ میں تھا،آپ کا گزر ایک ایسے شخص پر ہوا جو بہت شکستہ حال اور پریشان تھا،آپ ( صلی اللہ علیہ و سلم ) نے پوچھا کہ تمہارا یہ حال کیسے ہوگیا؟اس شخص نے عرض کیا کہ بیماری اور تنگ دستی نے یہ حال کردیا،آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا:میں تمہیں چند کلمات بتلاتا ہوں وہ پڑھوگے تو تمہاری بیماری اور تنگ دستی جاتی رہے گی وہ کلمات یہ تھے:

تَوَكَّلْتُ عَلَی الْحَیِّ الْذِيْ لَایَمُوْتُ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَّ لَمْ یَکُنْ لَّهُ شَرِیْكٌ فِي الْمُلْكِ وَ لَمْ یَکُنْ لَّهُ وَلِيٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَ كَبِّرْهُ تَکْبِيْرًا.

اس کے کچھ عرصہ بعد پھر آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اس طرف تشریف لے گئے تو اس کو اچھے حال میں پایا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خوشی کا اظہار فرمایا، اس نے عرض کیا کہ جب سے آپ نے مجھے یہ کلمات بتلائے تھے، میں پابندی سے ان کو پڑھتا ہوں۔ (ابویعلی و ابن سنی از مظہری)

4:حضرت مولانا شاہ عبد الغنی پھولپوری ( رحمۃ اللہ علیہ ) نے فرمایا کہ حضرت حاجی امداد اللہ ( رحمۃ اللہ علیہ ) سے منقول ہے کہ جو شخص صبح کو 70 مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کرے وہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہے گا اور فرمایا کہ بہت مجرب عمل ہے ، آیت یہ ہے:

 ﴿اَللّٰهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِه یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزَ﴾(سورۃ الشوریٰ،آیت:19)

(معارف القرآن،ج:7،ص:687)

"وعن ابن مسعود قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «من قرأ سورة الواقعة في كل ليلة ‌لم ‌تصبه ‌فاقة أبدا» . وكان ابن مسعود يأمر بناته يقرأن بها في كل ليلة. رواه البيهقي في شعب الإيمان."

 (‌‌‌‌مشكاة المصابيح،كتاب فضائل القرآن،الفصل الثالث،ج:1،ص:688،ط:المكتب الإسلامي)

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144407100059

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں