بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رشتے کے لیے مجرب عمل


سوال

میں بہت سالوں سے رشتے کے سلسلے میں پریشان ہوں  والدین بھی پریشان ہیں ،لوگ آتےہیں اور واپس چلے جاتےہیں بات نہیں بنتی،کوئی عمل بتادیں۔

جواب

مناسب رشتے کے لیے صدقِ دل سے نمازوں کے بعد اور تہجد کے وقت دعامانگیں،اور صلاۃ الحاجت کا اہتمام کریں، مندرجہ ذیل معمولات میں سے کوئی ایک یا سب اختیار کرسکتے ہیں۔

{ رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔

2۔نمازِ عشاء  کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ "یاَلَطِیْفُ"پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعاکرنا بھی مجرب ہے۔

3۔نمازِ عشاء کے بعد تنہائی میں دو رکعت صلاۃ الحاجت پڑھ کر اُس کے بعد اول وآخر 7 دفعہ درود شریف اور درمیان میں "یَابَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیِْر یَا بَدِیْعُ"101 مرتبہ پڑھ کر اللہ تعالٰی سے دعا کیاکریں۔

4۔روزانہ سورۂ "یسن" کی تلاوت کر نے  کے بعد اللہ تعالٰی سے یقین کے ساتھ دعاء کیا کریں۔

5۔ فجر اور مغرب کی نمازوں کے بعد ایک ایک مرتبہ سورۃ واقعہ اور سورۃ طارق پڑھنے کا معمول بنائیں۔

کنز العمال میں ہے:

"اقرأوا "يس"؛ فإن فيها عشر بركات ما قرأها جائع إلا شبع وما قرأها عار إلا اكتسى وما قرأها أعزب إلا تزوج وما قرأها خائف إلا أمن وما قرأها محزون إلا فرح وما قرأها مسافر إلا أعين على سفره وما قرأها رجل ضلت له ضالة إلا وجدها وما قرئت على ميت إلا خفف عنه وما قرأها عطشان إلا روی وما قرأها مريض إلا برء."

(حرف الهمزة، الكتاب الثاني من حرف  الهمزة في الأذكار من قسم الأقوال، الباب السابع في تلاوة القرآن وفضائله، الفصل الثاني في فضائل السور،  فضائل السور الباقية من الإكمال، ج:ص:590-589،  ط: مؤسسة الرسالة)

آپ کے مسائل اور اُن کا حل میں ہے:

" نماز عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں گیارہ سو مرتبہ "یا لطیف" پڑھ کر اللہ تعالٰی سے دعا کریں، اللہ رب العزت آپ کی مشکل آسان فرمائے۔"

( اوراد و وظائف، بعنوان: رشتہ کے لیے وظیفہ،ج:4، ص:251،  ط: مکتبہ لدھیانوی )

وفيه ايضاً:

"رشتہ کے لیے وظیفہ:

سوال: میں ایک بیوہ عورت ہوں، میری ایک بیٹی ہے، جس کا رشتہ کافی سالوں کی کوشش کے باوجود نہیں ہورہا ہے، میری خواہش ہے کہ اس کا رشتہ کسی صالح اور دین گھرانے میں ہوجائے، اُس کے لیے کوئی وظیفہ ارشاد فرمائیں۔۔۔۔۔

جواب: دل سے دعا کرتا ہوں، نماز عشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں گیارہ سو مرتبہ "یاَلَطِیْفُ" پڑھ کر اللہ تعالٰی سے دعا کریں، اللہ رب العزت آپ کی مشکل کو آسان فرمائے''۔

(اوراد و وظائف، عنوان: رشتہ کے لیے وظیفہ، ج:4، ص:21، ط : مکتبہ لدھیانوی)

فتاوٰی محمودیہ میں ہے:

"شادی ہونے کے لیے عمل:

سوال: حنیف خان کا لڑکا معین خان ہے، جو اس وقت بالغ ہے، لیکن ایک آنکھ خراب ہونے کی وجہ سے اس کی شادی نہیں ہوتی ہے، آپ دعا کیجیے، اور ایک تعویذ لکھ لیجیے۔

الجواب حامدًا ومصلیًا: معین کو بتادیں کہ وہ بعد عشاء تنہائی میں دو رکعت نمازِ حاجت پڑھ کر "یَابَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیِْر یَا بَدِیْعُ" 101 دفعہ ، اول آخر درود شریف 7 دفعہ پڑھ کر دعاء کیا کریں، حق تعالٰی کا میاب فرمائے۔فقط واللہ اعلم"

(بقیۃ کتاب الحظر والا باحۃ، باب مایتعلق بالسحرۃ والعوذۃ، الفصل الثالث فی العملیات والوظائف والاوراد، شادی ہونے کے لیے عمل،ج:20ص:89-90،  ط: ادار ۃ الفاروق)

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144408101989

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں