بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قضائے عمری کی نیت/ ایک وقت میں کئی نمازوں کی قضاء کا طریقہ


سوال

قضائے عمری کی نیت کیسے کریں گے؟  اگر ایک وقت میں 5 دن کی فجر کی قضاء  پڑھنی ہو  تو ان کی ترتیب سے نیت کیا کرنی ہوگی ؟  برائے مہربانی تفصیل سے بتائیں۔

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کو یہ یاد ہے کہ میری فلاں  فلاں پانچ دنوں کی فجر قضاء ہو گئی ہے تو ان کے قضاء کرتے وقت دن کی تعیین کی جائےگی، مثلاً پہلی مرتبہ یوں نیت کرے کہ میں منگل کی فجر کی قضاء پڑھ  رہا ہوں،  پھر اگلی نماز کے لیے یوں نیت کرے کہ: میں بدھ کی فجر کی قضاء  پڑھ  رہا ہوں وغیرہ وغیرہ، اور اگر سائل کو پانچ دنوں کے فجر کی  قضاءتو یاد ہے، لیکن یہ یاد نہیں کہ وہ پانچ دن کون کون سے تھے تو ان کے قضاء کرتے وقت  یوں نیت کی جائے گی کہ میں پہلے  دن کی فجر کی قضاء پڑھ  رہا ہوں، پھر میں دوسرے دن کی فجر کی قضاء پڑھ رہا ہوں  وغیرہ، بہر صورت یوں نیت بھی کر سکتے ہیں کہ میرے ذمہ جتنی فجر کی نمازیں قضا ہیں ان میں سے پہلی نماز ادا کر رہا ہوں، پھر اگلی نماز بھی اسی نیت سے ادا کرے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"‌كثرت ‌الفوائت نوى أول ظهر عليه أو آخره.......(قوله ‌كثرت ‌الفوائت إلخ) مثاله: لو فاته صلاة الخميس والجمعة والسبت فإذا قضاها لا بد من التعيين لأن فجر الخميس مثلا غير فجر الجمعة، فإن أراد تسهيل الأمر، يقول أول فجر مثلا، فإنه إذا صلاه يصير ما يليه أولا أو يقول آخر فجر، فإن ما قبله يصير آخرا، ولا يضره عكس الترتيب لسقوطه بكثرة الفوائت."

(كتاب الصلاة، باب قضاء الفوائت، 76/2، ط: سعيد)

قضائے  عمری کے متعلق مزید تفصیلات کے لیے جامعہ کی ویب سائٹ پر موجودمتعلقہ  فتاوی سے  استفادہ کیاجاسکتا ہے ، جیسا کہ درج ذیل لنک ہے:

قضائے عمری کا طریقہ

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144410101259

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں