بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قضا صرف فرض کی ہو گی سنت کی بھی؟


سوال

قضا نماز کی صرف  فرض  ہی  پڑھیں گے یا سنتیں بھی؟

جواب

قضا  نماز  میں صرف پنج وقتہ فرض نماز اور عشاء کی نماز کے ساتھ وتر  کی قضا ہوتی ہے، سنتوں  کی قضا نہیں ہوتی۔

الفتاوى الهندية (1/ 121):

"والقضاء فرض في الفرض وواجب في الواجب سنة في السنة."

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 66):

"(وقضاء الفرض والواجب والسنة فرض وواجب وسنة) لف ونشر مرتب، وجميع أوقات العمر وقت للقضاء إلا الثلاثة المنهية، كما مر.

 (قوله: وقضاء الفرض إلخ) لو قدم ذلك أول الباب أو آخره عن التفريع الآتي لكان أنسب. وأيضاً قوله: والسنة يوهم العموم كالفرض والواجب وليس كذلك، فلو قال: وما يقضى من السنة لرفع هذا الوهم، رملي". 

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 65):

وإطلاقه على غير الواجب كالتي قبل الظهر مجاز

باقی قضا نمازوں کو ادا کرنے  کا طریقہ یہ ہے کہ بالغ ہونے کے بعد سے لے کر اب تک جتنی نمازیں چھوٹ گئی ہیں اُن کاحساب کریں، اور  حساب ممکن نہ ہو تو غالب گمان کے مطابق ایک اندازہ اور تخمینہ لگالیں، اور اُسے کہیں لکھ کر رکھ لیں، اس کے بعد فوت شدہ نمازیں قضا کرنا شروع کردیں۔ اگر متعینہ طور پر قضا نماز کا دن اور وقت معلوم نہ ہو تو  نیت کرنے کا  طریقہ یہ ہے کہ ہر نماز میں مثلاً فجر کی قضا میں یوں نیت کریں: ”میں اپنی تمام فوت شدہ نمازوں میں جو پہلی فجر کی نمازہےاُس کی قضا کرتا ہوں“،  یا یوں نیت کریں: ’’میری تمام فوت شدہ نمازوں میں جو سب سے آخری فجر کی نماز ہے اس کی قضا کرتاہوں‘‘، اسی طرح بقیہ نمازوں میں بھی نیت کریں۔ 
 آسانی کے لیے یوں کیا جاسکتا ہے کہ ہر وقتی نماز کے ساتھ ساتھ  فوت شدہ فرض نمازوں میں سے اسی وقت کی ایک نماز قضاءً پڑھتے جائیں ، اور جتنی قضا نمازیں پڑھتے جائیں اُنہیں لکھے ہوئے ریکارڈ میں سے کاٹتے جائیں، اِس سے ان شاء اللہ مہینہ میں ایک مہینہ کی اور سال میں ایک سال کی نمازیں بڑی آسانی کے ساتھ قضا ہوجائیں گی ۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200319

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں