بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

قرضہ حسنہ کے طور پر دی ہوئی رقم کی زکوٰۃ کا حکم


سوال

 جو رقم  میں نے دو یا تین سال پہلے قرض حسنہ دیا ہے،  کیا اس پر زکوۃ واجب ہے،  لیکن مجھے ابھی تک وہ رقم واپس ملی بھی نہیں ہے ؟اور اس کے علاوہ میرے پاس اور کچھ بھی نہیں ہے؟

جواب

واضح رہے کہ قرض پر دی ہوئی کی رقم  کی زکوٰۃ مالک (یعنی قرض دینے والے ) پر لازم ہوتی ہے، لیکن جب تک قرض وصول نہ ہو  اس وقت تک اس کی زکوٰۃ  کی ادائیگی لازم نہیں ہوتی،البتہ قرض کی رقم کے وصول ہونے کے بعد گزشتہ تمام سالوں کی زکوٰۃ  ادا کرنا لازم ہوتا ہے، اگر پیشگی قرض پر دی ہوئی  رقم کی زکوٰۃ  ادا کردی جائے  تو یہ بھی جائز ہے اور پھر قرض وصول ہونے کے بعد گزشتہ سالوں کی زکات ادا کرنا لازم نہیں ہوگا۔

صورتِ  مسئولہ میں آپ نے جو  رقم قرض حسنہ کے طور پر دی ہے،  اگر آپ کے پاس  اس کے علاوہ سونا، چاندی، مال تجارت اور نقد رقم نہیں ہے اور وہ قرض پر دی ہوئی رقم نصاب (ساڑھے باون تولہ چاندی) کے برابر یا اس سے زیادہ ہے تو  اس کی زکوٰۃ آپ پر واجب ہوگی، لیکن اس کی ادائیگی فی الحال لازم نہیں ہوگی، بلکہ جب یہ رقم وصول ہوجائے تب اس کی ادائیگی لازم ہوگی، اور وصولی کے بعد گزشتہ عرصے کی بھی زکاۃ ادا کرنی ہوگی، گزشتہ سالوں کی زکوٰۃ نکالنے میں ہر بعد  والے  سال میں سے پہلے سال کی زکوٰۃ کو منہا کیا جائے گا، اگر اس طرح کرتے کرتے  نصاب سے کم رقم بچ  جائے تو پھر زکوٰۃ لازم نہیں ہوگی۔

       فتاوی شامی میں ہے:

"(و) اعلم أن الديون عند الإمام ثلاثة: قوي، ومتوسط، وضعيف؛ (فتجب) زكاتها إذا تم نصاباً وحال الحول، لكن لا فوراً بل (عند قبض أربعين درهماً من الدين) القوي كقرض (وبدل مال تجارة) فكلما قبض أربعين درهماً يلزمه درهم.

 (قوله: عند قبض أربعين درهماً) قال في المحيط؛ لأن الزكاة لاتجب في الكسور من النصاب الثاني عنده ما لم يبلغ أربعين للحرج، فكذلك لايجب الأداء ما لم يبلغ أربعين للحرج. وذكر في المنتقى: رجل له ثلثمائة درهم دين حال عليها ثلاثة أحوال فقبض مائتين، فعند أبي حنيفة يزكي للسنة الأولى خمسة وللثانية والثالثة أربعة أربعة من مائة وستين، ولا شيء عليه في الفضل؛ لأنه دون الأربعين. اهـ."

(2/ 305،  کتاب الزکاۃ،باب زکاۃ المال، ط: سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144111201501

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں