بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 محرم 1448ھ 24 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

میاں بیوی کا باہم پیسے ملاکرایک قربانی کرنا


سوال

کیا میں اپنے اور میاں کے پیسوں سے ملا کر ایک  قربانی کر سکتی ہوں ؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر  میاں بیوی دونوں صاحبِ نصاب ہیں تو دونوں پر علیحدہ علیحدہ  قربانی لازم ہے۔ہر صاحبِ نصاب عاقل بالغ مسلمان کے ذمہ  قربانی کرنا واجب ہے، اگر ایک گھر میں متعدد صاحبِ نصاب افراد ہوں تو ایک  قربانی سارے گھر والوں کی طرف سے کافی نہیں ہوگی، بلکہ گھر میں رہنے والے ہر صاحبِ نصاب شخص پر الگ الگ قربانی کرنا لازم ہوگی۔

قربانی واجب ہونے کا نصاب وہی ہے جو صدقۂ فطر کے واجب ہونے کا نصاب ہے، یعنی جس عاقل، بالغ، مقیم، مسلمان  مرد یا عورت کی ملکیت میں قربانی کے ایام میں قرض کی رقم منہا کرنے کے بعد ساڑھے سات تولہ سونا، یا ساڑھے باون تولہ چاندی، یا اس کی قیمت کے برابر رقم ہو،  یا تجارت کا سامان، یا ضرورت  اور استعمال سےزائد اتنا سامان  موجود ہو جس کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہو، یا ان میں سے  بعض یا سب کا مجموعہ ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر  ہوتو ایسے مرد وعورت پر قربانی واجب ہے۔قربانی  واجب ہونے کے لیے نصاب کے مال، رقم یا ضرورت و استعمال سے  زائد سامان پر سال گزرنا شرط نہیں ہے، اور تجارتی ہونا بھی شرط نہیں ہے، ذی الحجہ کی بارہویں تاریخ کے سورج غروب ہونے سے پہلے  جو مرد یا عورت صاحبِ نصاب بن جائے، اس پر قربانی  واجب ہے۔اگر صورت مسئولہ میں کسی دونوں میں سے ایک کے پاس بھی اس قدر مال نہ ہو تو کسی ایک پر بھی قربانی واجب نہیں، تاہم اگر کسی ایک پر قربانی واجب ہے اور دوسرا اسے اپنی جانب سے رقم دیتا ہے اور وہ اس سے اپنی واجب قربانی ادا کرتا ہے تو ایسا کرنا درست ہے۔

 فتاوی ہندیہ میں ہے :

"وهي واجبة على الحر المسلم المالك لمقدار النصاب فاضلاً عن حوائجه الأصلية، كذا في الاختيار شرح المختار، ولايعتبر فيه وصف النماء، ويتعلق بهذا النصاب وجوب الأضحية، ووجوب نفقة الأقارب، هكذا في فتاوى قاضي خان". 

( کتاب الاضحیہ1/ 191 ط:رشیدیہ )

فقط واللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144711101172

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں