بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پریشانیوں سے نجات کے لیے وظیفہ


سوال

میرے بابا نہیں ہیں ،ہمارےگھر کے حالات بھی ٹھیک نہیں،  میرے بھائی کو یا تو جلدی کام نہیں ملتا ،اگر مل بھی جاۓ تو وہ لوگ اجرت نہیں دیتایا ان سے لڑائی ہو جاتی ہے؟

جواب

ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل رجوع الی اللہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے، گویا اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے۔ نیز اس کے ساتھ شکر گزاری کی کیفیت پیدا کیجیے، بظاہر ہمیں محسوس ہوتاہے کہ ہمیں کوئی نعمت حاصل نہیں، اور ہر طرف سے ہم پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں، جب کہ ہر آن و ہر لحظہ ہم اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، اس لیے ظاہر میں پریشانی ہی کیوں نظر نہ آئے بندے کا کام ہر وقت مالک کا شکر ادا کرنا ہے، اللہ تعالیٰ ضرور اپنے انعامات میں اضافہ فرمائیں گے اور دنیاوی پریشانیاں بھی ان شاء اللہ حل ہوجائیں گی۔ 

  لہذا  ا سب گھر والے پنے اعمال کا محاسبہ کریں، اگر نمازوں کی پابندی نہیں ہے تو پنج وقتہ نمازوں  کا اہتمام شروع کریں، اور    نمازوں کے بعد دعاؤں کابھی اہتمام کریں،  اور درج  ذیل  وظائف کا  سب گھر والے پابندی کریں:

1- سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں۔

2- استغفارکی کثرت کریں۔

3-  حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

4-   "دعاءِ کرب" جو  سخت کرب و پریشانی کے وقت  رسول اللہ ﷺ سے پڑھنا منقول ہے، اسے کثرت سے پڑھیں، دعاءِ کرب یہ ہے:

"لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ."

5-  مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں :

"حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ."

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔ (سنن ابی داود)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144406100044

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں