
ہمارے گھر میں ایک عدد پالتو بلی ہے، جو کہ واش روم کی تربیت یافتہ ہے، بلی انڈین فلش کے اندر پاؤں رکھ کر پیشاب اور پاخانہ کرتی ہے۔ انڈین سیٹ میں بلی انسانوں کے بیٹھنے کے رخ پر بیٹھتی ہے، ایسی صورت میں پاکی ناپاکی کا کیا معیار ہوگا؟ کیوں کہ واش روم کے استعمال کے بعد بلی کارپٹ یا کمرے کے فرش پر بھی پاؤں رکھتی ہے۔
صورتِ مسئولہ میں واش روم استعمال کرنے کے بعد بلی کے پاؤں پر اگر کوئی ظاہری نجاست لگی ہوئی ہو یا وہ ناپاک پانی سے گزر کر پاؤں خشک ہونے سے پہلے کارپٹ پر پاؤں رکھے تو ایسی صورت میں کارپٹ یافرش ناپاک ہوجائیں گے ۔
اور اگر واش روم استعمال کرنے کے بعد بلی کے پاؤں پر کوئی نجاست نہ ہو تو ایسی صورت میں کارپٹ یافرش وغیرہ ناپاک نہیں سمجھے جائیں گے۔
فتاوی شامی میں ہے:
"نام أو مشى على نجاسة، إن ظهر عينها تنجس وإلا لا."
(کتاب الطهارۃ،باب الأنجاس ، ج:1، ص:345، ط:سعید)
وفیه أیضا:
"مشى في حمام ونحوه لا ينجس ما لم يعلم أنه غسالة نجس."
(کتاب الطهارۃ، باب الأنجاس، ج:1، ص:350، ط:سعید)
فقط والله اعلم
فتویٰ نمبر : 144707102502
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن