بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

30 جُمادى الأولى 1446ھ 03 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

عورت کا سوشل میڈیا پر تلاوت کرنے کا حکم


سوال

ایک نوجوان خاتون کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر قرآن کی تلاوت کرنا جائز ہے؟

جواب

عورت کے لیے ضرورت کے موقع پر مردوں سے بات کرنا جائز ہے، اس لیے کہ راجح قول کے مطابق عورت کی آواز ستر میں داخل نہیں ہے  لیکن عوارض کی وجہ سے بعض جائز اُمور کا ناجائز ہوجانا فقہ میں معروف و مشہور ہے،  اِس لیے اگر شرعی ضرورت نہ ہو تو چوں کہ فتنہ کا غلبہ ہے، اس لیے عورت کی آواز کا بھی غیر محرم سے پردہ ہے۔

نیز عورت کا غیر محرم سے  ضرورت اور مجبوری کی صورت میں بات  کرنے کے لیے  بھی یہ ضروری ہے وہ اپنی آواز کو پرکشش نہ بنائے، نرم لہجہ میں بات نہ کرے، بلکہ سخت لہجے میں بات کرے، مختصر بات کرکے بات ختم کردے، جیساکہ قرآنِ پاک  (سورہ احزاب) میں ازواجِ مطہرات  رضی اللہ عنہن کو  (امہات المؤمنین ہونے کےباجود) ہدایت کی گئی کہ اگر کسی امتی سے بات چیت کی نوبت آجائے تو نرم گفتگو نہ کریں؛  مبادا اس شخص کے دل میں کوئی طمع نہ پیدا ہوجائے جو دل کا مریض ہو، بلکہ صاف اور دوٹوک بات  کہیں۔

اسی طرح شریعت مطہرہ میں کسی شدید ضرورت کے بغیر  جان دار کی تصویر سازی، اسی طرح جان دار کی تصاویر پر مشتمل ویڈیو  بنانا جائز نہیں ہے، خواہ وہ دین کی تشہیر کے لیے کیوں نہ ہو۔ 

لہذا صورتِ مسئولہ میں عورت کے  سوشل میڈیا  پر تلاوت کرنے اوراس کو اَپ لوڈ کرنے میں درج ذیل خرابیاں موجود ہیں:

1۔  اس میں جان دار کی تصویر سازی اور ویڈیو سازی  ہے جو شرعاً ناجائز اور حرام ہے۔

2۔  وہ ویڈیوز مرد بھی دیکھیں گے، اور نامحرم کو دیکھنا جائز نہیں ہے، اس لیے اس کا سبب بننا بھی جائز نہیں ہے۔

3۔وہ تلاوت مرد بھی سنیں گے، اور نامحرم عورتوں کے لیے مردوں کو خود  تلاوت سنانا جائز نہیں ہے، اور کسی دینی ضرورت کے بغیر عورتوں کے لیے مردوں کو   تلاوت سنانے اور مسائل بتانے  کی بھی اجازت نہیں ہے۔

4۔  یہ بلا ضرورت عورت کی آواز مردوں کو سنانا ہے۔

5۔  اس تلاوت میں عمومًا آواز کو نرم  اور پرکشش بنایا جاتا ہے، جب کہ عورتوں کو یہ حکم ہے  کہ  ضرورت کے موقع پر بھی مردوں  سے بات کریں تو لہجے میں نرمی اور کشش پیدا نہ کریں۔

6۔ اور اگر اس میں میوزک بھی شامل ہو تو یہ ایک مزید قباحت ہے، اور اس کی ناجائز ہونے کی ایک مستقل وجہ ہے۔

لہذا عورت کے لئے تلاوت قرآن   کی تلاوت ویڈیو بناکر کرکے سوشل میڈیا  پر  اس کو اَپ لوڈ کرنا جائز نہیں ہے۔

صحيح البخاری میں ہے:

"عن عبد الله، قال: سمعت النبي صلى الله عليه وسلم يقول: "إن أشد الناس عذاباً عند الله يوم القيامة المصورون".

( كتاب اللباس، باب عذاب المصورين، ج:5، ص:2220، ط: دار ابن  کثیر)

فتاوی شامی میں ہے:

"وظاهر كلام النووي في شرح مسلم: الإجماع على تحريم تصوير الحيوان، وقال: وسواء صنعه لما يمتهن أو لغيره، فصنعته حرام بكل حال؛ لأن فيه مضاهاة لخلق الله تعالى، وسواء كان في ثوب أو بساط أو درهم وإناء وحائط وغيرها ".

( كتاب الصلاة، مطلب: مكروهات الصلاةج:1، ص،447، ط: سعيد)

فتاوی شامی میں ہے:

"وصوتها على الراجح وذراعيها على المرجوح."

"(قوله: وصوتها) معطوف على المستثنى يعني أنه ليس بعورة ح (قوله: على الراجح) عبارة البحر عن الحلية أنه الأشبه. وفي النهر وهو الذي ينبغي اعتماده. ومقابله ما في النوازل: نغمة المرأة عورة، وتعلمها القرآن من المرأة أحب. قال عليه الصلاة والسلام:" التسبيح للرجال، والتصفيق للنساء"فلايحسن أن يسمعها الرجل. . وفي الكافي: ولاتلبي جهرًا لأن صوتها عورة، ومشى عليه في المحيط في باب الأذان بحر. قال في الفتح: وعلى هذا لو قيل إذا جهرت بالقراءة في الصلاة فسدت كان متجها، ولهذا منعها عليه الصلاة والسلام من التسبيح بالصوت لإعلام الإمام بسهوه إلى التصفيق اهـ وأقره البرهان الحلبي في شرح المنية الكبير، وكذا في الإمداد؛ ثم نقل عن خط العلامة المقدسي: ذكر الإمام أبو العباس القرطبي في كتابه في السماع: ولا يظن من لا فطنة عنده أنا إذا قلنا صوت المرأة عورة أنا نريد بذلك كلامها، لأن ذلك ليس بصحيح، فإذا نجيز الكلام مع النساء للأجانب ومحاورتهن عند الحاجة إلى ذلك، ولا نجيز لهن رفع أصواتهن ولا تمطيطها ولا تليينها وتقطيعها لما في ذلك من استمالة الرجال إليهن وتحريك الشهوات منهم، ومن هذا لم يجز أن تؤذن المرأة. قلت: ويشير إلى هذا تعبير النوازل بالنغمة."  

(کتاب الصلوۃ، مطلب في ستر العورۃ، ج:1، ص:406، ط:سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144512100153

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں