بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

نوکری اور شادی کے لیے وظیفہ


سوال

پسند کی نوکری نہیں مل رہی ، نہ ہی کوئی کاروبار سمجھ آرہا ہے، نیز شادی کی  بھی کوئی امید نظر آ رہی ہیں اور 33سال عمر ہوچکی ہے ۔مہربانی فرما کر کوئی حل بتائیں؟

جواب

 آپ   پنج  وقتہ  نماز  کا باجماعت اہتمام کریں، اور فرض نمازوں کے بعد تین سورہ فاتحہ اور تین بار آیت الکرسی پڑھ کر اور تہجد میں اللہ تعالیٰ سےجائز اور حلال روزگار اور اچھے رشتے کے لیے دعا کریں، اور   استغفار کی کثرت کریں،  اس پر فراوانی رزق کا وعدہ قرآنِ مجید و احادیثِ  مبارکہ میں موجود ہے،باقی اللہ تعالیٰ کی رحمت اور وعدہ رزق سے نااُمید ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں ہےاور شرعاً بھی اس کی اجازت نہیں ہے،لہذا اپنی حد تک کوشش کرنے کے ساتھ مذکورہ بالا اور درج ذیل امور پر عمل کریں ۔

روزگار /کاروبار کے لیےدرج ذیل وظائف میں سے کوئی بھی پڑھ سکتے ہیں:

  • 1-   فرض نمازوں كي پابندی کے  ساتھ ساتھ   فجر  کی نماز کے بعد ستر مرتبہ مندرجہ ذیل آیت پڑھیں:  اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ (الشورٰي،19)
  • 2-    ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں: "اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

آپ کے مسائل اور ان کا حل میں ہے:

سوال:  مولانا صاحب! میں انٹرپاس نوجوان ہوں، نوکری نہیں ملتی، کوئی وظیفہ تحریر فرمادیجئے۔

جواب: ہر نماز باجماعت تکبیر کی پابندی کے ساتھ ادا کیجئے اور نماز کے بعد تین بار سورہٴ فاتحہ اور تین بار آیت الکرسی پڑھ کر دُعا کیا کیجئے، والسلام۔

(اوراد ووظائف، نوکری کے لئے وظیفہ، ج:4، ص:249، ط:مکتبہ لدھیانوی)

اچھے اور مناسب رشتہ کے لیے صدقِ دل سے نمازوں کے بعداورتہجد و غروب کے وقت دعا مانگیں، اور صلاۃ الحاجت کا اہتمام کریں، نیز مندرجہ ذیل معمولات میں سے کوئی ایک یا سب اختیار کرسکتے ہیں:

  • { رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔
  • 2۔نمازِ عشاء  کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ "یاَلَطِیْفُ"پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعاکرنا بھی مجرب ہے۔
  • 3۔نمازِ عشاء کے بعد تنہائی میں دو رکعت صلاۃ الحاجت پڑھ کر اُس کے بعد اول وآخر 7 دفعہ درود شریف اور درمیان میں "یَابَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیِْر یَا بَدِیْعُ"101 مرتبہ پڑھ کر اللہ تعالٰی سے دعا کیاکریں۔
  • 4۔روزانہ سورۂ "یسین" کی تلاوت کر نے  کے بعد اللہ تعالٰی سے یقین کے ساتھ دعاء کیا کریں۔
  • 5۔ فجر اور مغرب کی نمازوں کے بعد ایک ایک مرتبہ سورۃ واقعہ اور سورۃ طارق پڑھنے کا معمول بنائیں۔

کنز العمال میں ہے:

"اقرأوا "يس"؛ فإن فيها عشر بركات ما قرأها جائع إلا شبع وما قرأها عار إلا اكتسى وما قرأها أعزب إلا تزوج وما قرأها خائف إلا أمن وما قرأها محزون إلا فرح وما قرأها مسافر إلا أعين على سفره وما قرأها رجل ضلت له ضالة إلا وجدها وما قرئت على ميت إلا خفف عنه وما قرأها عطشان إلا روی وما قرأها مريض إلا برء."

(حرف الهمزة، الكتاب الثاني من حرف  الهمزة في الأذكار من قسم الأقوال، الباب السابع في تلاوة القرآن وفضائله، الفصل الثاني في فضائل السور،  فضائل السور الباقية من الإكمال، 589،590/1، ط: مؤسسة الرسالة)

فتاوٰی محمودیہ میں ہے:

"شادی ہونے کے لیے عمل:

سوال: حنیف خان کا لڑکا معین خان ہے، جو اس وقت بالغ ہے، لیکن ایک آنکھ خراب ہونے کی وجہ سے اس کی شادی نہیں ہوتی ہے، آپ دعا کیجیے، اور ایک تعویذ لکھ لیجیے۔

الجواب حامدًا ومصلیًا:معین کو بتادیں کہ وہ بعد عشاء تنہائی میں دو رکعت نمازِ حاجت پڑھ کر "یَابَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیِْر یَا بَدِیْعُ" 101 دفعہ ، اول آخر درود شریف 7 دفعہ پڑھ کر دعاء کیا کریں، حق تعالٰی کا میاب فرمائے۔"

(بقیۃ کتاب الحظر والا باحۃ، باب مایتعلق بالسحرۃ والعوذۃ، الفصل الثالث فی العملیات والوظائف والاوراد، شادی ہونے کے لیے عمل، 89،90/20، ط: ادارہ الفاروق)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144502100383

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں