
میں نے اپنی بیوی کو ایک سال پہلے بذریعہ اسٹامپ پیپر تین طلاقیں دیں، اسٹامپ پیپر بنوادیا تھا لیکن اپنی بیوی کو نہیں بھیجا تھا ، اس کے بعد ہمارے معاملات صحیح رخ پر چل پڑے ،چناں چہ ہم دوبارہ ساتھ رہنے لگے، لیکن ابھی معاملات دوبارہ بگڑ گئے اور لڑکی اپنے گھر چلی گئی ، اور وہ اب حمل سے ہے ، لڑکی والوں کی طرف سے مطالبہ ہے کہ حمل کے دوران کا خرچہ (ایک لاکھ روپے ) دیا جاۓ ، اسی طرح ڈیلیوری کا جو خرچہ آۓ گا اس کا بھی مطالبہ کیا ہے ، شریعت کی رو سے اس کا کیا حکم ہے ؟
صورت مسئولہ میں جس وقت سائل نے تین طلاقوں کا اسٹامپ پیپر بنوایا، اسی وقت بیوی سائل پر حرمت مغلظہ کے ساتھ حرام ہوکر سائل کی زوجیت سے نکل گئی تھی، نکاح ٹوٹ گیاتھا ، اس کے بعد دونوں کا دوبارہ ایک ساتھ رہنا اور میاں بیوی والا تعلق رکھنا ناجائز اور حرام تھا، دونوں کو اپنے اس فعل پر صدق دل سے توبہ کرنا چاہیے اور فورا علیحدگی اختیار کرکے نادم ہوکر رب کے حضور توبہ تائب ہونا چاہیے، چونکہ سائل طلاق نامہ بیوی کو نہ دینے کی وجہ سے یہ سمجھ کر ساتھ رہ رہا تھا کہ طلاق واقع نہیں ہوئی، لہذا اس بچے کا نسب سائل ہی سے ثابت ہوگا اور اس بچے کی پیدائش تک کےتمام اخراجات شرعاً سائل ہی کے ذمہ لازم ہوں گے، جوکہ سائل کی مالی وسعت اور علاج معالجہ کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے، اس مد میں مخصوص رقم کا مطالبہ شرعاً درست نہیں ہے۔
العنایۃ شرح الھدایة میں ہے:
"(والمبتوتة يثبت نسب ولدها منه) إذا ولدت المبتوتة لأقل من سنتين يثبت نسب ولدها منه لاحتمال أن يكون الولد قائما وقت الطلاق فلا يتيقن بزوال الفراش قبل العلوق فيثبت النسب احتياطا، وإن ولدت لتمام سنتين من وقت الفرقة لم يثبت لأن الحمل حادث بعد الطلاق وإلا لزاد أكثر مدة الحمل على سنتين وهو باطل."
(کتاب الطلاق، باب ثبوت النسب، ج:4، ص:352، ط:دار الفکر - لبنان)
فتاوی شامی میں ہے:
"عبارة البحر عن الخلاصة: فلقائل أن يقول عليه؛ لأنه مؤنة الجماع، ولقائل أن يقول عليها كأجرة الطبيب اهـ وكذا ذكر غيره، ومقتضاه أنه قياس ذو وجهين لم يجزم أحد من المشايخ بأحدهما خلاف ما يفهمه كلام الشارح، ويظهر لي ترجيح الأول؛ لأن نفع القابلة معظمه يعود إلى الولد فيكون على أبيه تأمل."
(کتاب الطلاق، باب النفقة، مطلب لا تجب علی الأب نفقة زوجة ابنه الصغیر، ج:3، ص:580، ط:دار الفکر)
فقط واللہ تعالی اعلم
فتویٰ نمبر : 144712100903
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن