بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

28 محرم 1448ھ 14 جولائی 2026 ء

دارالافتاء

 

متفرق طور پر تین طلاقیں دینے کے بعد کیا میاں بیوی ایک ساتھ رہ سکتے ہیں؟


سوال

میرے شوہر نے مجھے ان الفاظ کے ساتھ ایک طلاق دی  کہ" جاو میری طرف سے  طلاق ہے "،اس کے بعد جرگہ ہوا اور مجھے اس کے ساتھ واپس بھیج دیاگیا،میں بھی واپس چلی گئی ،پھر کچھ عرصہ بعد میرے شوہر نے کہا کہ"جامیں نے تجھے طلاق دی "پھر سے دوبارہ جرگہ  والوں نے مجھے واپس شوہر کےپاس بھیج دیا۔

اب پھر سے میرے شوہر نے میرے والد کو فون کیا اور کہا کہ میرے بچے بھیج دو ،میرے والدنے کہا کہ نہیں بھیجوں گا تو اس نے کہا چلو ٹھیک ہے  ،میری طرف سے طلاق ہے طلاق ہے طلاق ہے جس کو دینی ہے دےدو۔

اب سوال یہ ہے کہ اس صورت حال میں شرعی حکم کیاہے ؟اب دوبارہ ایک ساتھ رہنے کی گنجائش ہے یانہیں ؟

لڑکی کے والد کابیان :یہ بیان بالکل درست ہے ۔

جواب

صورت مسئولہ میں سائلہ کابیان اگر حقائق  پر مبنی ہو  کہ اس کے شوہر نے پہلی دو طلاقوں اور رجوع کے بعد اس کے والد کو فون کرکے یہ الفاظ کہے تھے کہ"میری طرف سے طلاق ہے ،طلاق ہے،طلاق ہے تو اس سے سائلہ پر مجوعی طور پر  تینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں ،اور وہ شوہر پر حرمت غلیظہ کے ساتھ حرام ہوگئی ہے ۔نکاح ختم ہوگیاہے ،شوہر کےلیے مطلقہ بیوی  (سائلہ)سے اب رجوع کرنا یا دوبارہ نکاح کرنا  جائز نہیں۔ لہذاسائلہ اپنی  عدت  (مکمل  تین ماہواریاں اگرحمل نہ ہو ،اور ماہوری  آتی ہو، اگرحمل ہو تو بچہ کی پیدائش تک کا عرصہ ) گزار کر کسی اور سے نکاح کرنے میں آزاد ہوگی ۔

فتاوی شامی میں ہے :

"[فروع] كرر لفظ الطلاق وقع الكل، وإن نوى التأكيد دين. 

(قوله: كرر لفظ الطلاق) بأن قال للمدخولة: أنت طالق أنت طالق أو قد طلقتك قد طلقتك أو أنت طالق قد طلقتك أو أنت طالق وأنت طالق، وإذا قال: أنت طالق ثم قيل له ما قلت؟ فقال: قد طلقتها أو قلت هي طالق فهي طالق واحدة لأنه جواب، كذا في كافي الحاكم (قوله وإن نوى التأكيد دين) أي ووقع الكل قضاء، وكذا إذا طلق أشباه: أي بأن لم ينو استئنافا ولا تأكيدا لأن الأصل عدم التأكيد."

( كتاب الطلاق، باب طلاق غير المدخول بها، مطلب الطلاق يقع بعدد قرن به لا به، ج:3،ص: 293، ط: سعید)

بدائع الصنائع میں ہے :

"وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا۔۔۔۔"

(کتاب الطلاق، فصل في حكم الطلاق البائن، ط:دارالکتب العلمیه)

فقط واللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144801100090

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں