
ہم تین بھائی ہیں،دو بھائی والدہ کے ساتھ رہتے ہیں،اور میں الگ رہتا ہوں،گاؤں کے ماحول کے مطابق جب ایک گھر میں قبل از وقت راشن ختم ہوجاتا ہے تو پڑوس کے گھر سے اپنا راشن آنے تک کچھ راشن گھی چینی آٹا وغیرہ بطور قرض لیا جاتا ہے،پھر جب وہ گھر والے راشن لے آتے ہیں تو قرض لیا ہوا سامان واپس کردیتے ہیں۔اور ہم بھائیوں کے گھروں میں بھی یہی طریقہ چلتا رہتا ہے،ایک دن میرے بھائی نے میری والدہ کو "کہا کہ بھائی(سائل) کے گھروالوں کو جو کچھ بھی دینا ہو تو وزن کرکے دینا اگر مفت میں دیا تو مجھ پر میری بیوی طلاق ہوگی"اس واقعہ کے بعد میری والدہ نے میرے گھر پر ہر چیز وزن کے حساب دی،مفت میں کوئی چیز بھی نہیں دی۔
اب میری بھابھی اور بھائی کے درمیان ان بن ہوگئی تو بیوی نے دعویٰ کیا کہ مجھے طلاق ہوگئی ہے،تو کیا اس مذکورہ تعلیق سے طلاق واقع ہوئی ہے یا نہیں ؟۔
وضاحت: والدہ بیٹے کے گھر والوں کو کبھی کبھی مفت میں راشن دیتی تھی جس پر ایک بیٹے نے مذکورہ تعلیق والا جملہ کہا۔
صورتِ مسئولہ میں سائل کے بھائی نے والدہ سے جو یہ کہا تھا کہ:"بھائی کے گھر والوں کو جو کچھ بھی دینا ہو تو وزن کرکے دینا، اگر مفت میں دیا تو مجھ پر میری بیوی طلاق ہوگی۔"
اس عبارت سے سائل کے گھر والوں کو مفت میں راشن دینے پر ایک طلاقِ رجعی معلق ہو گئی ہے۔ لہٰذا اگر والدہ نے اس کے بعد کبھی سائل کے گھر والوں کو مفت میں راشن دیا، تو سائل کی بھابھی پر ایک طلاقِ رجعی واقع ہو جائے گی، البتہ عدت کے دوران شوہر کو رجوع کا حق حاصل ہوگا۔
تاہم مذکورہ مسئلہ میں اگر واقعۃً اس تعلیق کے بعد والدہ نے سائل کے گھر والوں کو مفت میں راشن نہیں دیا، تو اس صورت میں میاں بیوی کے درمیان کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی۔ صرف تعلیق کی بنا پر، اور شرط کے پائے بغیر، بیوی طلاق کے وقوع کے دعوئے میں حق بجانب نہیں ہے۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:
"وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق."
کتاب الطلاق، الباب الرابع في الطلاق بالشرط، الفصل الثالث في تعليق الطلاق بكلمة إن وإذا وغيرهما، ج:1، ص:420، ط: دار الفکر)
وفیه أیضا:
"ففي هذه الألفاظ إذا وجد الشرط انحلت اليمين وانتهت لأنها تقتضي العموم والتكرار فبوجود الفعل مرة تم الشرط وانحلت اليمين فلا يتحقق الحنث بعده."
(کتاب الطلاق، الباب الرابع في الطلاق بالشرط ،الفصل الأول في ألفاظ الشرط، ج:1، ص:415، ط: دار الفکر)
فقط واللہ اعلم
فتویٰ نمبر : 144708101112
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن