بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

5 ربیع الاول 1444ھ 02 اکتوبر 2022 ء

دارالافتاء

 

موبائل فون میں قرآن مجید پڑھنا


سوال

کیا موبائل پر ڈاؤن لوڈ کیا ہوا قرآنِ مجید بغیر وضو کے تلاوت کر سکتے ہیں؟ اور کیا موبائل کی اسکرین پر کھلے  ہوئے قرآن مجید  کو بلا وضو  چھو بھی  سکتے ہیں؟ اور مزید یہ کہ سجدہ تلاوت بھی کرنا ہوگا؟ 

جواب

1/2۔۔موبائل میں دیکھ کر قرآنِ مجید پڑھنا جائز ہے،  چوں کہ قرآنِ کریم کو دیکھ کر ہاتھ لگائے بغیر زبانی تلاوت کرنا جائز ہے، اس لیے موبائل فون میں دیکھ کر بے وضو قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا جائز ہے،  البتہ موبائل کی اسکرین پر  جہاں  قرآنِ کریم  کھلا ہوا ہو،  اس  کو  وضو کے بغیر چھونا جائز نہیں ہے؛ کیوں کہ جس وقت قرآنِ کریم اسکرین پر کھلا ہوا ہوتا ہے اس وقت اسکرین کو چھونا قرآن کو چھونے کے حکم میں ہوتا ہے، باقي اس کے علاوہ  موبائل کے دیگر حصوں کو  مختلف  اطراف  سے وضو کے بغیر چھونے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

 2۔۔ سجدے والی آیت چاہے  قرآن میں دیکھ کر پڑھی جائے یا بغیر دیکھے پڑھی جائے اس پر سجدہ کرنا واجب ہوتا ہے، لہذا موبائل فون پر موجود قرآن مجید پڑھنے کی صورت میں  بھی سجدے والی آیت پر سجدہ کرنا واجب ہوگا۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(و) يحرم (به) أي بالأكبر (وبالأصغر) مس مصحف: أي ما فيه آية كدرهم وجدار، وهل مس نحو التوراة كذلك؟ ظاهر كلامهم لا (إلا بغلاف متجاف) غير مشرزأو بصرة به يفتى.

(قوله: أي ما فيه آية إلخ) أي المراد مطلق ما كتب فيه قرآن مجازا، من إطلاق اسم الكل على الجزء، أو من باب الإطلاق والتقييد. قال ح: لكن لا يحرم في غير المصحف إلا بالمكتوب: أي موضع الكتابة كذا في باب الحيض من البحر، وقيد بالآية؛ لأنه لو كتب ما دونها لا يكره مسه كما في حيض القهستاني. وينبغي أن يجري هنا ما جرى في قراءة ما دون آية من الخلاف، والتفصيل المارين هناك بالأولى؛ لأن المس يحرم بالحدث ولو أصغر، بخلاف القراءة فكانت دونه تأمل".

(۱/ ۱۷۳، کتاب الطھارۃ، ط: ایچ ایم سعید)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144205200989

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں