بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

معاشی مسائل کے حل کے لیے مجرب اعمال


سوال

ایک سال ہونے کو آرہا ہے کہیں ملازمت نہیں لگ رہی ہے، پہلے جاب کررہا تھا وہاں سے چھوڑدی کیونکہ وہاں مجھے بہت پریشان کردیا تھا، اب میری کوئی مدد نہیں کر رہا ہے ،بس اللہ سے دعا کر رہا ہوں، میری رہنمائی فرمائیں ۔

جواب

پریشانیوں اورمصائب کا حل،  رجوع الی اللہ ہے،اس لیے مایوس اور ناامید نہ ہو ں اور اللہ کی طرف متوجہ ہوں، کثرت سے استغفار کریں ،حسبِ استطاعت صدقہ کریں ، نمازوں کا اہتمام کریں اور گناہوں سے اجتناب کریں۔بہت زیادہ وظائف نہ پڑھیں، اگر پڑھنا ہی ہے تو درج ذیل امور کا اہتمام کیجیے:

1. سورہ واقعہ اور سورہ طارق فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں۔

2. استغفارکی کثرت کریں۔

3. حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

4.’’دعاءِ کرب‘‘جو سخت کرب و پریشانی کے وقت رسول اللہ ﷺ سے پڑھنا منقول ہے، اسے کثرت سے پڑھیں، دعاءِ کرب یہ ہے:

"لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ."

5. مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں:

"حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ."

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔ (سنن ابی داود)

6. اسی طرح اگر کوئی شخص کسی مصیبت یا پریشانی میں پڑگیا ہے اور کسی طرح وہ مصیبت دور ہی نہیں ہوتی تو اس کے لیے ایک مجرب عمل یہ ہے کہ:

 نماز فجر پڑھ کر قرآن کریم کی تلاوت اور ذکر میں مشغول رہے، یہاں تک کہ آفتاب بلند ہوجائے پھر دو رکعت نفل اشراق پڑھ کر اس کے بعد سورہ توبہ کی آخری دو آیتیں گیارہ بار پڑھیے: 

"لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّن اَنفُسِکُم عَزِیزٌ عَلَیه مَاعَنِتُّم حَرِیصٌ عَلَیکُم بِالمُومِنِینَ رَءوفٌ رَّحِیم o فَاِن تَوَلَّوا فَقُل حَسبِیَ اللّٰه لَآ اِله اِلَّا و عَلَیه تَوَکَّلتُ وَهو رَبُّ العَرشِ العَظِیمِ." 

پھر سر بسجود ہو کر حق تعالیٰ سے امن و عافیت طلب کیجیے، ان شاء اللہ چند روز میں آپ کی مصیبت،پریشانی دور ہوجائے گی اور دل کو اطمینان حاصل ہوگا، اور حاجت براری بھی نصیب ہوگی اور اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ تمام مسائل حل فرما دیں گے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144409101386

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں