بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مساجد میں پابندی کے وقت ہم 10 آدمی جمعہ کے دن نماز کس طرح پڑھیں؟


سوال

ہمیں جمعہ پڑھنے کی اجازت نہیں ہے، البتہ ہم 10 بندے جمع ہوتے ہیں تو  کیا اب جماعت کے ساتھ  نماز پڑھیں یا نہیں؟

جواب

اگر کسی ملک میں مساجد بالکلیہ بند ہوں یا بعض صحت مند افراد کو جمعہ کی نماز میں شرکت سے روک دیا جائے تو انہیں چاہیے کہ شہر، مضافاتِ شہر یا بڑی بستی میں وہ مساجد کے علاوہ جہاں چار یا چار سے زیادہ بالغ مرد جمع ہوسکیں اور ان لوگوں کی طرف سے دوسرے لوگوں کی نماز میں شرکت کی ممانعت نہ ہو، جمعہ قائم کرنے کی کوشش کریں۔

  شہر، فنائے شہر یا قصبہ میں جمعہ کی نماز میں چوں کہ مسجد کا ہونا شرط نہیں ہے؛ لہٰذا امام کے علاوہ کم از کم تین مرد مقتدی ہوں تو  بھی جمعہ کی نماز صحیح ہوجائے گی؛ چناں چہ جمعے کا وقت داخل ہوجانے کے بعد پہلی اذان دی جائے، سنتیں ادا کرنے کے بعد  امام منبر یا کرسی وغیرہ پر بیٹھ جائے، اور اس کے سامنے دوسری اذان دی جائے، اس کے بعد امام کھڑے ہوکر دوخطبے پڑھ کر دو رکعت نمازِ جمعہ پڑھا دے،  چاہے گھر میں ہوں یا کسی اور جگہ جمع ہو کر پڑھ لیں۔

عربی خطبہ اگر یاد نہ ہو تو  خطبہ دیکھ کر پڑھے، ورنہ عربی زبان میں حمد و صلاۃ اور قرآنِ پاک کی چند آیات پڑھ کر دونوں خطبے دے دیں، اگر پہلے خطبے کی جگہ سورۂ فاتحہ اور دوسرے خطبے کی جگہ سورۂ عصر یا سورۂ اخلاص پڑھ لی تو بھی خطبے کا بنیادی رکن ’’ذکر اللہ‘‘ پائے جانے کی وجہ سے خطبے ادا ہوجائیں گے۔ 
اگر شہر یا فنائے شہر یا قصبہ میں چار  بالغ افراد جمع نہ ہوسکیں یا جمع تو ہوجائیں لیکن ان میں سے کوئی بھی عربی میں خطبہ نہ دے سکتا ہو (یہاں تک کہ قرآنِ پاک کی آیات وغیرہ سے بھی) تو  جمعے کے دن ظہر  کی نماز  تنہا پڑھیں۔

اور جب تک پابندی برقرار ہو، باقی نمازیں گھروں یا دیگر مقامات پر باجماعت پڑھنے کا اہتمام کریں، جیسے ہی پابندی ختم ہوجائے مساجد آباد کریں، کیوں کہ عام حالات میں مسجد کی جماعت کا ثواب دیگر جگہوں کی جماعت میں حاصل نہیں ہوسکتا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200853

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں