میری والدہ کا انتقال 30 اپریل کو ہوا (اللہ تبارک وتعالیٰ ان پہ اپنی رحمتوں کا نزول فرمائیں) ، محترم مجھے کوئی ایسا عمل وظیفہ بتادیں جس سے اماں حضور کی زیارت نصیب ہو جائے ، مجھے کسی نے بتایا تھا 11 بار اول وآخر درود ابرہیمی 11 بار سورہ فاتحہ 11 بار اخلاص ان کی لحد پہ جا کے پڑھنے سے زیارت ہو جائے گی لیکن ابھی تک ایسا ہوا نہیں ہے۔
کسی کو خواب میں دیکھنا یہ انسان کے اپنے اختیار سے نہیں ہوتا، بلکہ جس کو اللہ تعالی چاہیں کسی کی خواب میں زیارت کرادیتے ہیں۔ضروری نہیں کہ کوئی عمل کرنے کے بعد خواب ضرور دکھائی دے۔نیز خواب حجت بھی نہیں، بعض دفعہ آدمی کے اپنے خیالات ہی خواب بن کر سامنے آتے ہیں۔ اور بعض اوقات شیطان خلافِ حقیقت احوال دکھا کر مزید پریشان بھی کرتاہے، اس لیے کسی قریبی مرحوم کو خواب میں دیکھنے کی تمنا اور اس کے لیے وظیفہ پڑھنے کی بجائے ان کے لیے ایصالِ ثواب کرتے رہیں، یہ آپ کے مرحوم والدہ کے حق میں زیادہ بہترہے۔ اور اللہ تعالی سے دعا مانگیں کہ اگر بہتر ہو تو اللہ تعالیٰ آپ کو ان کی زیارت کرادے۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144611102372
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن