
ایک شخص، جو مدعیٰ علیہ بنتا ہے، ایک مکان فروخت کرنے کی تصدیق اور اقرار کرکے میسج کیا ہے کہ جی بالکل، یہ مکان میں نے آپ کو فروخت کر دیا ہے، آپ اسٹامپ پیپر تیار کروا لیں، میں اس پر دستخط بھی کر دوں گا، اور ساتھ مدعی کو شناختی کارڈ کی کاپی بھی بھیجی ہے، اور میسج میں واللہ کی قسم کھا کر اقرار کیا ہے تاکہ اسٹامپ پیپر لکھ لیں، اور خود ان سب کلام کا اقرار بھی کرتا ہے کہ میں نے یہ کلام کہا ہے، لیکن اب مدعیٰ علیہ مدعی کو بھی انکاری ہے اور جرگہ والوں کو بھی انکار کرتے ہیں، اور کہتا ہے کہ میں اس دعوے کو قبول نہیں کرتا، اور جو میں نے مدعی کو میسج کیا تھا، ان سے تنگ آکر جان چھڑانے کے لیے کیا تھا۔ کیا مدعیٰ علیہ کا یہ قول صحیح ہے؟
صورتِ مسئولہ میں فروخت کنندہ نے مکان بیچنے کی تصدیق کرتے ہوئے خریدار کو میسج کیا کہ یہ گھر میں نے آپ کو بیچ دیا ہے، نیز اسٹامپ پیپر وغیرہ تیار کرنے کا کہا اور ساتھ ہی شناختی کارڈ کی کاپی بھی بھیجی، اور اس بات کا بھی اقرار کرتا ہے کہ اس نے مذکورہ میسج کیا ہے، تو اس صورت میں بیع مکمل ہوگئی۔ اب مدعیٰ علیہ کا یہ کہنا کہ میں نے صرف جان چھڑانے کی نیت سے یہ بات کہی تھی، شرعا معتبر نہیں ہوگا۔
قرآنِ مجید میں باری تعالی کا فرمان ہے:
(وَأَوفُواْ بِٱلعَهدِ إِنَّ ٱلعَهدَ كَانَ مَسـُٔولٗا)[الاسراء:34]
ترجمہ:اور عہدِ(مشروع) کو پورا کیا کرو! بے شک(ایسے)عہد کی باز پرس ہونے والی ہے۔ (از بیان القرآن)
فتاوی ہندیہ میں ہے:
"قال أصحابنا رحمهم الله كل لفظين ينبئان عن التمليك والتملك على صيغة الماضي أو الحال ينعقد بهما البيع كذا في المحيط فارسية كانت أو عربية أو نحوهما هكذا في التتار خانية وينعقد بالماضي بلا نية وبالمضارع بها على الأصح كذا في البحر الرائق فإذا قال البائع أبيع منك هذا العبد بألف أو أبذله أو أعطيكه وقال المشتري أشتريه منك أو آخذه ونويا الإيجاب للحال أو كان أحدهما بلفظ الماضي والآخر بالمستقبل مع نية الإيجاب للحال فإنه ينعقد"
(کتاب البیوع، الفصل الأول فيما يرجع إلى انعقاد البيع، ج: 3، ص: 4، ط: دارالفکر بیروت)
وفیه أیضا:
"وإنما يعتبر الإقرار إظهارا في حق ملكية المقر به حتى يحكم بملكيته للمقر له بنفس الإقرار ولا يتوقف على تصديق المقر له"
(كتاب الإقرار، الباب الأول في بيان معنى الإقرار وركنه وشرط جوازه وحكمه، ج: 4، ص: 157، ط: دارالفکر بیروت)
فقط واللہ اعلم
فتویٰ نمبر : 144802101889
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن