بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مہر فاطمی کی مقدار


سوال

مہر فاطمی اس زمانے کے اعتبار سے کتنا ہوگا ؟

جواب

 "مہرِ فاطمی"  اُس مہر کو کہا جاتا ہے جو نبی اکرم علیہ الصلاۃ والسلام نے خاتونِ جنت سیدتنا حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور دیگر صاحب زادیوں اور اکثر ازواجِ مطہرات کا مقرر فرمایا ، اُس کی مقدار۵۰۰  درہم چاندی ہے، وہ اس طرح کہ ازواج مطہرات کے بارے میں روایات میں بارہ اوقیہ اورایک نش کی صراحت آئی ہے۔
صحیح مسلم میں مروی ہے:

"عن أبي سلمة بن عبد الرحمن، أنه قال: سألت عائشة زوج النبي صلى الله عليه وسلم: ‌كم ‌كان ‌صداق ‌رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ قالت: «كان صداقه لأزواجه ثنتي عشرة أوقية ونشا»، قالت: «أتدري ما النش؟» قال: قلت: لا، قالت: «نصف أوقية، فتلك خمسمائة درهم، فهذا صداق رسول الله صلى الله عليه وسلم لأزواجه»."

(كتاب النكاح ، باب الصداق،2/ 1042، ط : داراحیاءالتراث العربي)

’’حضرت ابوسلمہؒ سے مروی ہےکہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات کا مہر کتنا تھا؟ فرمایا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بارہ اوقیہ اورنش مہر دیا تھا، پھر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: تم کو معلوم ہے نش کیا ہوتا ہے؟ میں نے کہا : نہیں، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا: آدھا اوقیہ (یعنی بیس درہم) اس طرح کل مہر پانچ سو درہم ہوا؛ یہی ازواج مطہرات کا مہر تھا۔‘‘

ایک اوقیہ چالیس درہم کا اورنش نصف اوقیہ یعنی: بیس درہم کا ہوتا ہے؛ اس طرح مجموعہ پانچ سو درہم ہوتا ہے۔یہی مقدار مہر فاطمی سے مشہور ہے۔ مہر فاطمی موجودہ وزن سے: ایک کلو، پانچ سو تیس (۵۳۰)گرام، نوسو (۹۰۰)ملی گرام چاندی یا اس کی قیمت ہے۔اورقدیم تولہ سے ایک سو، سوا اکتیس (131.25)تولہ ہوتا ہے۔

چاندی  کی قیمت اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، آج کل  ایک تولہ چاندی کی قیمت تقریبا سولہ سو  پچاس (۱۶۵۰)روپے ہے، اس حساب سے مہر فاطمی کی قیمت  دولاکھ سولہ ہزار پانچ سو باسٹھ اعشاریہ پانچ (216562.5 ) روپے بنے گی۔

فقط و اللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144312100807

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں