بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 شوال 1445ھ 08 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

لڑکے سے زنا کا کیا گناہ ہے؟ اور اس عمل سے خود کو کیسے بچائیں؟


سوال

 لڑکے سے زنا کاکیا گناہ ہے؟ اور اس عمل سے خود کو کیسے بچائیں؟

جواب

  واضح رہے کہ اس فعل  کی حرمت اور مذمت قرآن پاک کی کئی آیات اور احادیثِ مبارکہ میں وارد ہوئی ہیں ،اس قبیح فعل پر اللہ رب العزت نے قومِ لوط کو ہلاک کردیا تھا، نیز یہ قبیح فعل اللہ کی رحمت سے دوری کا باعث ہے،بعض روایات میں اس قابلِ لعنت فعل کی بہت سخت سزائیں وارد ہوئی ہیں؛ شریعت میں اس کے لیے ’’حد‘‘ مقرر نہیں ہے، بلکہ یہ حاکمِ وقت کی رائے پر مفوض کر دیا گیا کہ وہ جو سزا تجویز کرنا  مناسب سمجھے وہ سزا تجویز کردے، مثلاً اس کو قید کیا جا سکتا ہے، اور اگر بار بار کرتا ہو تو اس کو قتل کر دیا جائے وغیرہ، ایسے مجرم کے لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے مختلف قسم کی سزائیں ثابت ہیں۔

اس جرم کے مرتکب پر لازم ہے کہ اپنے اس قبیح فعل پر سچے دل سے اللہ کے حضور توبہ کرے، اور آئندہ  اس فعل کے نہ کرنے کا  پختہ عزم کرے، اور اس بری حرکت کے دنیوی انجام کے بارے میں بھی سوچے کہ اس سے ازدواجی پُرسکون زندگی (اگروہ شادی شدہ ہوتو) تلخ ہوجاتی ہے، ناقابل علاج جنسی امراض میں مبتلا ہوجاتا ہے، لہذا اس سے بچنے کےلئے  نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرے،  کسی متبعِ سنت بزرگ عالم سے اصلاحی تعلق قائم کرلے ، ان کی مجالس میں پابندی سے شرکت کرے،بروں کی صحبت ترک کردے،اور ان تمام افراد سے اور مقامات سے بھی اجتناب کرے جہاں جہاں اس قبیح فعل میں پڑنے کا اندیشہ ہو اوراگر سائل شادی شدہ ہے توا اپنی خواہش کو جائز طریقے سے پوری کرے۔باجماعت نمازوں کا اہتمام کرے اور   کثرت سے اس دعا کوہر نماز کے بعد پڑھنے کا اہتمام کریں :  "اَللّٰهُمَّ إِنِّيْ أَسْئَلُكَ الْهُدٰی وَالتُّقٰی وَالْعَفَافَ وَالْغِنٰی".

ساتھ ساتھ روزانہ دن یا رات میں کوئی ایک وقت مقرر کرکے اچھی طرح وضو کرکے تنہائی میں دو رکعت نماز توبہ اور حاجت کی نیت سے پڑھ کر گڑگڑا کر اللہ تعالیٰ سے اپنے گزشتہ گناہوں کی معافی مانگے، خوب روئے، اگر رونا نہ آئے تو رونے کی کوشش کرےاور رونے جیسی شکل بنا ئے، اللہ تعالیٰ سے سچے دل سے دعا کرے کہ وہ  تمام گناہوں، خصوصاً اس گناہ سے نجات دے دے۔ صبح و شام اور دیگر اوقات میں سید الاستغفار  بھی پڑھا کرے، سید الاستغفار یہ ہے: 

"اَللّٰهَمَّ أَنْتَ رَبِّيْ لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ، خَلَقْتَنِيْ وَأَنَا عَبْدُكَ، وَأَنَا عَلَی عَهْدِكَ وَوَعْدِكَ مَا اسْتَطَعْتُ، أَعُوْذُبِكَ مِنْ شَرِّ مَا صَنَعْتُ ، أَبُوْءُ لَكَ بِنِعْمَتِكَ عَلَيَّ وَأَبُوْءُ بِذَنْبِيْ، فَاغْفِرْلِيْ فَإِنَّه لَایَغْفِرُ الذُّنُوْبَ إِلَّا أَنْتَ". [رواه مسلم]

ترجمہ:اے اللہ!  تو ہی میرا رب ہے،  تیرے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں، تو نے مجھے پیدا کیا اور میں تیرا بندہ ہوں اور تیرے عہد اور وعدے پر قائم ہوں جس قدرطاقت رکھتا ہوں، میں نے جو کچھ کیا اس کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں،اپنے آپ پر تیری نعمت کا اقرار کرتا ہوں اور اپنے گناہوں کا اعتراف کرتا ہوں،پس مجھے بخش دے؛  کیوں کہ تیرے علاوہ کوئی گناہوں کو نہیں بخش سکتا۔

تفسیر قرطبی میں ہے :

"الثانية- قوله تعالى: (أتأتون الفاحشة) يعني إتيان الذكور. ذكرها الله باسم الفاحشة ليبين أنها زنى".

(ج:7،ص:243،ط:دارالکتب المصریہ،مصر)

مسند أحمد بن حنبل میں ہے:

"حدثنا حجاج، أخبرنا عبد الرحمن بن أبي الزناد، عن عمرو بن أبي عمرو، عن عكرمة، عن ابن عباس، أن نبي الله صلى الله عليه وسلم، قال: " لعن الله من غير تخوم الأرض، لعن الله من ذبح لغير الله، لعن الله من لعن والديه، لعن الله من تولى غير مواليه، لعن الله من كمه أعمى عن السبيل، لعن الله من وقع على بهيمة، لعن الله من عمل عمل قوم لوط، لعن الله من عمل عمل قوم لوط " ثلاثًا".

(ج:1،ص:108،ط:مؤسسہ قرطبہ قاہرہ)

فتاوی شامی میں ہے:

''(قوله: بنحو الإحراق إلخ) متعلق بقوله: يعزر. وعبارة الدرر: فعند أبي حنيفة يعزر بأمثال هذه الأمور. واعترضه في النهر بأن الذي ذكره غيره تقييد قتله بما إذا اعتاد ذلك. قال في الزيادات: والرأي إلى الإمام فيما إذا اعتاد ذلك، إن شاء قتله، وإن شاء ضربه وحبسه. ثم نقل عبارة الفتح المذكورة في الشرح، وكذا اعترضه في الشرنبلالية بكلام الفتح. وفي الأشباه من أحكام غيبوبة الحشفة: ولايحد عند الإمام إلا إذا تكرر؛ فيقتل على المفتى به. اهـ. قال البيري: والظاهر أنه يقتل في المرة الثانية لصدق التكرار عليه. اهـ".

(کتاب الحدود،مطلب في حكم اللواطة،ج:4،ص:27،ط:سعید)

وفیہ ایضاً:

"وفي البحر: حرمتها أشدّ من الزنا؛ لحرمتها عقلًا وشرعًا وطبعًا".

(كتاب الحدود، ج4، ص:28، ط:ایچ ایم سعید)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144411102695

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں