بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 محرم 1448ھ 23 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

کیا مالِ تجارت میں منافع پر سال گزرنا زکوٰۃ کے لیے لازمی ہے؟ کیا مالِ تجارت سے قرضے منہا کر کے زکوٰۃ دی جاتی ہے؟


سوال

دکان میں جو سامان پڑا ہو، اس کی زکوٰۃ ادا کرنے کے لیے اس مال پر سال گزرنا ضروری ہے؟ ہم مال اُدھار لے کر اُدھار بیچتے ہیں، جن سے سامان لیتے ہیں، ان کا بیلنس بھی شامل کرنا ہوگا؟ اور جن کو بیچتے ہیں، ان کا بیلنس بھی شامل کرنا ہوگا؟ کئی لوگ ہیں جو اچانک پیسے روک لیتے ہیں اور واپس نہیں دیتے، وہ بیلنس بھی شامل کرنا ہوگا؟ آپ تفصیل سے سمجھا دیں۔

جواب

واضح رہے کہ مالِ تجارت اور دکان داری میں زکوٰۃ ادا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ واجب الادا قرضوں کو منہا کرنے کے بعد جو مال یا سامان باقی رہے، اس پر زکوٰۃ واجب ہوتی ہے، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائل کو چاہیے کہ دوسروں کے واجب الادا قرضے منہا کر کے اپنے کاروبار میں موجود باقی مال کے حساب سے زکوٰۃ ادا کرے،اگر وہ نصاب کے برابر یا اس سے زیادہ ہے۔
اگرسائل صاحب نصاب ہو  اور سال پورا ہوجائے تو سال پورا ہونے پر جس قدر مالیت (ضرورت سے زائد نقد رقم، سونا، چاندی، مالِ تجارت) سائل  کی ملکیت میں ہوگی ان سب پر زکاۃ ادا کرنی ہوگی، ہر ہر مال پر سال گزرنا ضروری نہیں؛  لہذا اگر سائل پہلے سے صاحبِ نصاب ہے تو اس نے پچھلے گیارہ ماہ میں جو بچت کی ہےدکان سے زکاۃ کی تاریخ آنے پر اس رقم کا بھی حساب کرکے زکاۃ نکالنا لازم ہوگا، اگر چہ اس جمع شدہ رقم پر سال نہ گزرا ہو۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"و من كان له نصاب فاستفاد في أثناء الحول مالًا من جنسه ضمّه إلی ماله و زکّاه سواء  کان المستفاد من نمائه أولا و بأي وجه استفاد ضمّه سواء كان بمیراث أو هبة أو غیر ذلك."

(كتاب الزكاة، الباب الأول ،ج:1، ص:175، ط:مکتبه حقانیه)

فتاویٰ شامی میں ہے: 

"(وسببه) أي سبب افتراضها (ملك نصاب حولي) نسبة للحول؛ لحولانه عليه (تام) ... (فارغ عن دين له مطالب من جهة العباد)".

(کتاب الزکاة، ج:2،ص:259، ط:دار الفکر)

فقط والله اعلم


فتویٰ نمبر : 144706100962

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں