
کیا کھانے کے بعد میٹھا کھانا سنت ہے؟
میٹھا کھانے سے پہلے ہو یا درمیان میں یا بعد میں، اس کا تعلق امور عادیہ سے ہے نہ کہ سنن شرعیہ سے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم میٹھا کھایا کرتے تھے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو میٹھا پسند بھی تھا، یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم میٹھا اور شہد پسند فرماتے تھے، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کھانے کے بعد میٹھا کھانےکامعمول ہو یہ کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں ہے،وہاں تو مہینوں چولہا نہیں جلتا تھا، دو وقت لگاتار کبھی آپ کو روٹی دستیاب نہ ہوئی۔ جب جو میسر آتا نوش فرمالیتے۔
لیکن ایک موقع پر کھانے کے بعد میٹھی چیز نوش فرمانا بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے۔حضرت عکراش بن ذویب رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ انھوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھانا تناول فرمایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھانے کے آخر میں کھجور تناول فرمائی۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کھانے کے آخر میں آپ ﷺ نے میٹھی چیز کھائی ہے، لیکن ایک آدھ مرتبہ کھانے کے بعد میٹھی چیز تناول فرمانے کی بنا پر کھانے کے بعد میٹھے کو مستقل سنت نہیں کہاجائے گا۔
مشکاۃ المصابیح میں ہے:
"کان رسول الله صلی الله علیه وسلم: یحب الحلواء والعسل."
(كتاب الأطعمة،ج:2،ص:1213،ط: المكتب الإسلامي بيروت)
سنن الترمذی میں ہے:
"حدثنا محمد بن بشار، قال: حدثنا العلاء بن الفضل بن عبد الملك بن أبي سوية أبو الهذيل، قال: حدثنا عبيد الله بن عكراش ، عن أبيه عكراش بن ذؤيب قال: «بعثني بنو مرة بن عبيد» بصدقات أموالهم إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم، فقدمت عليه المدينة، فوجدته جالسا بين المهاجرين والأنصار، قال: ثم أخذ بيدي فانطلق بي إلى بيت أم سلمة، فقال: هل من طعام؟ فأتينا بجفنة كثيرة الثريد والوذر، وأقبلنا نأكل منها فخبطت بيدي من نواحيها، وأكل رسول الله صلى الله عليه وسلم من بين يديه، فقبض بيده اليسرى على يدي اليمنى، ثم قال: يا عكراش، كل من موضع واحد؛ فإنه طعام واحد ثم أتينا بطبق فيه ألوان التمر أو من ألوان الرطب عبيد الله شك قال: فجعلت آكل من بين يدي وجالت يد رسول الله صلى الله عليه وسلم في الطبق، وقال: يا عكراش، كل من حيث شئت؛ فإنه غير لون واحد ثم أتينا بماء فغسل رسول الله صلى الله عليه وسلم ومسح ببلل كفيه وجهه وذراعيه ورأسه، وقال: يا عكراش، هذا الوضوء مما غيرت النار."
(أبواب الأطعمة،باب ما جاء في التسمية في الطعام،ج:3،ص:427،ط:دار الغرب الإسلامي بیروت)
فقط واللہ اعلم
فتویٰ نمبر : 144701100264
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن