بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کر نے کا حکم


سوال

كيا كرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کرنا شرعًا  جائز ہے یا نہیں ؟

جواب

جو شخص بیماری کی وجہ سے کھڑے ہونے پر قادر نہیں، یا کھڑے ہونے پر قادر ہے، لیکن زمین پر  کر سجدہ کرنے پر قادر نہیں ہے، یا قیام و سجود کے ساتھ نماز پڑھنے کی صورت میں بیماری میں اضافہ یا شفا ہونے میں تاخیر یا ناقابلِ برداشت درد کا غالب گمان ہو تو ان صورتوں میں وہ بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے، البتہ کسی قابلِ برداشت معمولی درد یا کسی موہوم تکلیف کی وجہ سے فرض نماز میں قیام کو ترک کردینا اور  بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں۔

اسی طرح جو شخص فرض نماز میں مکمل قیام پر تو قادر نہیں، لیکن کچھ دیر کھڑا ہو سکتا ہے اور سجدہ بھی زمین پر کرسکتا ہے توایسے شخص کے لیے اُتنی دیر کھڑا ہونا فرض ہے، اگر چہ کسی چیز کا سہارا لے کر کھڑا ہونا پڑے، اس کے بعد وہ بقیہ نماز  بیٹھ کر پڑھ سکتا ہے۔

اور  بیٹھ کر نماز پڑھنے میں افضل یہ ہے کہ زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھے، زمین پر پڑھنے  کی  جو کیفیت آسان ہو اس پر عمل کرے، چاہے تشہد کی حالت ہو، چار زانو ہو ، قبلے کی جانب پیر پھیلا کر ہو یا ٹیک لگا کر بیٹھنا ہو، لیکن اگر زمین پر بھی بیٹھناممکن نہ ہو تو کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتے ہیں ، تا ہم جن صورتوں میں زمین پر سجدہ کرنا ممکن ہو تو زمین  پر سجدہ کرنا ضروری رہے گا، اگر زمین پر سجدہ کرنا ممکن نہ ہو تو اشارہ سے سجدہ کرنا جائز ہو گا۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(وإن تعذرا) ليس تعذرهما شرطاً بل تعذر السجود كاف (لا القيام أومأ) بالهمز (قاعداً) وهو أفضل من الإيماء قائماً؛ لقربه من الأرض، (ويجعل سجوده أخفض من ركوعه) لزوماً (ولا يرفع إلى وجهه شيئاً يسجد عليه) فإنه يكره تحريماً (فإن فعل) بالبناء للمجهول ذكره العيني (وهو يخفض برأسه لسجوده أكثر من ركوعه صح) على أنه إيماء لا سجود إلا أن يجد قوة الأرض (وإلا) يخفض (لا) يصح؛ لعدم الإيماء."

(كتاب الصلاة، باب صلاة المريض، 2/ 97، ط: سعيد)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144311100678

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں