بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 ذو الحجة 1447ھ 04 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

کیا محرم الحرام میں مہندی لگاسکتے ہیں؟


سوال

دس محرم کے بعد ہاتھوں پرمہندی  لگا سکتے ہیں یا محرم کا پورا مہینہ نہیں لگا سکتے؟

جواب

جس طرح سال کے دیگر مہینوں میں مہندی لگانا جائز ہے،اسی طرح محرم الحرام کے مہینہ میں بھی مہندی لگانا جائز ہے۔محرم میں مہندی لگانے کی شرعاً کوئی ممانعت نہیں۔نیز  محرم میں سوگ کے طور پر ترکِ زینت یا زینت اختیار کرنے کو گناہ سمجھنا،بے اصل وگناہ ہے۔

صحیح بخاری میں ہے:

"عن عائشة رضي الله عنها قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "من ‌أحدث ‌في ‌أمرنا هذا ما ليس فيه فهو رد".

(كتاب الصلح، باب: إذا الصطلحوا على صلح جور فهو مردود، ج:2، ص:959، ط:دار ابن كثير)

ترجمہ:رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس کسی نے ہمارے اس دین میں کوئی نئی ایسی بات ایجاد کی جو اس میں سے نہیں ہے تو اس کی وہ بات رد ہے۔

فتاوی رحیمیہ میں ہے:

”ماہ محرم کو ماتم اور سوگ کا مہینہ قرار دینا جائز نہیں ، حرام ہے۔ حدیث میں ہے کہ عورتوں کو ان کے خویش و اقارب کی وفات پر تین دن ما تم اور سوگ کرنے کی اجازت ہے اور اپنے شوہر کی وفات چار ماہ دس دن سوگ مناناضروری ہے۔ دوسرا کسی کی وفات پر تین دن سے زائد سوگ منانا جائز نہیں ، حرام ہے...“

(کتاب السنۃ والبدعۃ، ج:2، ص:115، ط:دار الاشاعت)

فقط واللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144701100717

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں