بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کیا نومولود چالیس دن تک ناپاک ہوتا ہے؟


سوال

کیا پیدائش کے بعد والے چالیس دنوں تک ماں کا بچہ بھی ناپاک ہوتا ہے؟

جواب

ولادت کے بعد چالیس دنوں تک بچہ ناپاک نہیں ہوتا، البتہ شیرخوار(دودھ پیتے )بچے کا پیشاب ناپاک ہوتاہے، جیساکہ بڑوں کا پیشاب ناپاک اور نجاستِ غلیظہ ہے؛ لہذا بچوں کا پیشاب اگر کپڑوں یا جسم پر یہ لگ جائے تو اس حصّہ کو دھو کر پاک کرنا ضروری ہے۔

نیز  بچہ جننے والی عورت کا بھی چالیس دن تک ناپاک رہنا ضروری نہیں ہے، بلکہ جب بھی نفاس ختم ہوجائے وہ پاک سمجھی جائے گی۔

واضح رہے کہ بچے کی ولادت کے بعد عورت کو جوخون آتاہے اسے "نفاس"کہاجاتاہے۔ نفاس کی حالت میں  عورت کے لیے نماز ، روزہ، اور قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا یا چھونا جائز  نہیں ہوتا، البتہ پاک ہونے کے بعد  فرض روزوں کی قضا لازم ہوگی، اور ان ایام کی نمازیں عورت کے لیے بالکل  معاف ہیں، ان کی قضا بھی لازم نہیں ہوگی۔

نفاس کی زیادہ سے زیادہ مدت چالیس دن ہے، اور کم سے کم مدت  کی کوئی حد نہیں،  اگر کسی کو ایک آدھ گھڑی خون آکر بند ہو جائے تو وہ بھی نفاس ہے، لہذا اگر کسی عورت کو بچہ کی ولادت کے بعد چالیس دن کے اندر اندر خون آئے تو وہ نفاس کا ہے،  اور چالیس دن کے اندر اندر خون آنا بند ہوجائے تو وہ پاک سمجھی جائے گی، چالیس دن یا سوا مہینہ  تک ناپاک نہیں شمار ہوگی۔ اور چالیس دن سے بڑھ جائے تو اگر اس کا پہلا بچہ ہے تو چالیس دن نفاس کا خون ہوگا، اور اس کے بعد آنے والا خون بیماری کا کہلائے گا، اس میں نماز وغیرہ پڑھنی ہوں گی، اور اگر اس کا پہلے سے کوئی بچہ ہے تو اس کی جتنے دن خون آنے عادت ہے اتنے دن کا خون نفاس شمار ہوگا اور باقی بیماری کا خون شمار ہوگا۔ البتہ اس نفاس کے ایام میں خواہ وہ چالیس دن ہوں یا اس سے کم ہوں  عورت کے لیے غسل کرنا شرعاً  منع نہیں ہے، بلکہ وہ ٹھنڈک وغیرہ کے لیے غسل کرسکتی ہے،ہاں اگر طبی طور پر نقصان دہ ہو تو  معالج کے مشورہ پر عمل کرنا چاہیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200591

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں