بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

’’کامیاب جوان پروگرام ‘‘ اسکیم کی تحت قرض لینا


سوال

پاکستان میں وزیراعظم نے  ایک اسکیم  لانچ  کیا ہے،  جس کا نام ہے’’ کامیاب جوان پروگرام‘‘،  جس کے تحت ایک جوان یا شہری کو اپنے کاروبار کے لیے  یا کاروبار کو توسیع دینے  کے لیے بینک سے قرض دیا جاتا ہے، ایک لاکھ سے لے کر ڈھائی کروڑ تک، ا ور پھر اسی قرض کو آٹھ سالوں کی اندر بینک کو قسطوں کی شکل میں ادا کرنا پڑے گا ،تو  کیا شرعی طور پر یہ قرضہ لینا جائز ہے یا نہیں؟ اور کیا یہ سود میں آتا ہے یا نہیں؟

جواب

 معتبر ذرائع   سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ’’وزیر اعظم کا کامیاب نوجوان‘‘ کے  عنوان سے جو اسکیم شروع ہوئی ہے ،وہ  سودی معاملے پر مشتمل ہے، لہذا اس پروگرام کے تحت  قرضہ کا لین دین شرعاً ناجائز  اور حرام ہے۔

 ارشاد باری تعالی ہے:

﴿ أَحَلَّ اللّٰهُ الْبَیْْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا﴾ (البقرة:275)

ترجمہ:” اللہ  تعالیٰ نے بیع کو حلال اور سود کو حرام قرارا دیا ہے ۔“

﴿ فَإِن لَّمْ تَفْعَلُواْ فَأْذَنُواْ بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَرَسُولِه﴾ (البقرة:278)

ترجمہ:” اگر تم سودی کاروبار سے باز نہیں آؤ گے تو  اللہ  تعالیٰ اور اس کے رسول کی طرف سے اعلان جنگ سن لو۔“

﴿یَمْحَقُ اللّٰهُ الْرِّبَا وَیُرْبِیْ الصَّدَقَاتِ﴾ (البقرة:276)

ترجمہ:” اللہ تعالیٰ سود کو گھٹاتے ہیں اور صدقات کو بڑھاتے ہیں۔“

اسی طرح بہت سی احادیثِ مبارکہ میں آپ صلی اللہ  علیہ وسلم نے سود کی قباحت بیان فرمائی ہے، ان میں سے چند احادیث مندرجہ ذیل ہیں:

"عن جابر بن عبدالله رضی الله تعالیٰ عنه قال: لعن رسول الله صلی الله علیه وسلم آکل الرّبا وموکله وکاتبه وشاهدیه، وقال: هم سواء“.  (رواه مسلم)

(البیوع، باب لعن آکل الرّبا وموکله، ص:297، رقم الحدیث:1598، ط: دارالسلام)

ترجمہ:”حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ  صلی اللہ  علیہ وسلم نے سود کھانے اور سود دینے اور سودی حسابات یا تحریر لکھنے والے اور سودی لین دین پر گواہ بننے والوں پر لعنت فرمائی ہے، اور فرمایا کہ یہ سب لوگ گناہ میں برابر ہیں۔“

"عن أنس بن مالك رضي الله تعالیٰ عنه قال: ”خطبنا رسول الله صلی الله علیه وسلم فذکر أمر الرّبا وعظَّم شانه وقال: إن الدّرهم یصیبه الرّجل من الرّبا أعظم عندالله الخطیئة من ستّة وثلاثین زنیةً یزنیها الرّجل، وإن أربی الرّبا عرض الرّجل المسلم“.

( الزواجر، الکبیرة الرابعة والثمانون بعد المائة، أکل الربا وإطعامه الخ:378/1،ط:دارالفکر)

ترجمہ:” حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ آپ صلی اللہ  علیہ وسلم نے ہم سے خطاب فرمایا اور سود کا خاص تاکید او راہتمام سے ذکر کرتے ہوئے فرمایا:  ایک سودی درہم حاصل کرنا اللہ  کی نظر میں چھتیس (36) مرتبہ زنا کرنے سے زیادہ سخت گناہ ہے۔  اور فرمایا: سب سے بڑا سود یہ ہے کہ مسلمان کی آبرو پر حملہ کیا جائے۔“فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144206200420

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں