بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

جادو کے علاج کے دوران تعویذ نکالنے کا حکم


سوال

جادو ہونے پر جو لوگ تعویز نکالتے ہیں مثلاً ( آپ پر جادو ہوا تھا، یہ تعویز نکال دیے، اب جادو ختم ہو گیا ہے)، اس کے بارے میں قیمتی رائے سے آگاہ فرمائیے۔

جواب

واضح رہے کہ جادو کے علاج کے حوالہ سے ہر کس و ناکس اور غیرمستند عالم اور عامل کے پاس جانا درست نہیں ہے، لہذا اگر کوئی مستندومعتبر پابندِ شریعت عالمِ دین جادو کے شکار شخص کا علاج کرے اور  دورانِ علاج کسی قسم کا کوئی تعویذ کہیں سےنکالے، تو اس میں کسی قسم کا مضائقہ نہیں ہے۔

باقی جادو  کی حقیقت اور اس سے بچاؤسے متعلق شریعتِ  مطہرہ سے جو راہ نمائی ہمیں ملتی ہے وہ یہ ہے کہ بے شک جادو ایک حقیقت ہے، اور بعض بدبخت لوگ جادو کرتے بھی ہیں، اور سبب کے درجے میں اس کا اثر بھی ظاہر ہوتاہے، لیکن اس سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ پوری کائنات کے خالق و مالک اللہ تبارک وتعالیٰ ہیں، ان کے حکم کے بغیر دنیا میں ایک ذرہ بھی اپنی جگہ سے حرکت نہیں کرسکتا، اسباب کے خالق بھی وہی ہیں اور اسباب میں تاثیر پیدا کرنے والے بھی وہی ہیں۔

قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:" وَمَا هُم بِضَارِّينَ بِهِ مِنْ أَحَدٍ إِلَّا بِإِذْنِ اللَّهِ ۚ ."(البقرۃ)

" اور یہ ساحر لوگ اس کے ذریعے سے کسی کو بھی ضرور نہیں پہنچاسکتے، مگر خدا ہی کے (تقدیری) حکم سے"۔ (بیان القرآن)

جادو اور دیگر شیطانی حملوں سے بچاؤ کے لیے شریعت سے ہمیں مندرجہ ذیل اقدامات کرنے کی راہ نمائی ملتی ہے:

1۔ سب سے بنیادی بات کہ اللہ تعالیٰ کی ذات اور ان کی صفات پر کامل ایمان اور یقین ہو، اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ ہو تو قوتِ ایمانی سے ہی ان شاء اللہ بہت سی شیطانی قوتیں اور نفسیاتی حملے پسپا ہوجاتے ہیں۔

2۔ پنچ وقتہ نمازوں کی پابندی، ان کی شرائط و احکام کی رعایت رکھ کر ادا کرنے کا اہتمام، جو درحقیقت خالق ومالک سے تعلق مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے، اور جب بندے کا تعلق اللہ سے مضبوط ہوتاہے تو شیطان کا بس اس پر نہیں چلتا۔

3۔ ہر وقت پاکی کا اہتمام کرنا، با وضو رہنا، اور تلاوتِ قرآنِ کریم کی کثرت، نیز ذکر کی پابندی۔ 

4- مکمل سورہ بقرہ معتدل آواز میں وقتاً فوقتاً گھر میں تلاوت کرنے کا اہتمام کریں۔

5۔ صبح وشام  کی حفاظت کی مسنون دعائیں پڑھنے کا اہتمام، (جو مختلف مستند علماءِ کرام نے جمع کرکے شائع کردی ہیں، کسی بھی دینی کتب خانے سے حاصل کی جاسکتی ہیں) نیز درج ذیل اذکار صبح وشام سات سات مرتبہ پابندی سے یقین کے ساتھ پڑھ کر دونوں ہاتھوں میں تھتکار کر سر سے پیر تک اپنے پورے جسم پر  پھیردیں، ان شاء اللہ ہر قسم کےسحر، آسیب اور نظرِ بد کے اثراتِ بد سے حفاظت رہے گی:

 سورہ فاتحہ، آیۃ الکرسی، سورہ الم نشرح، سورہ کافرون، سورہ اخلاص، سورہ فلق، سورہ ناس اور درود شریف

6- ایک روایت میں ہے کہ  حضرت کعب احبار رحمہ اللہ جو پہلے یہود کے بڑے علماء میں سے تھے ،پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں مسلمان ہوگئے تھے،انہوں نے بیان کیا کہ اگر میں یہ چند کلمات نہ پڑھا کرتا تو یہود  جادو سے مجھے گدھا بنا دیتے وہ الفاظ یہ ہیں:

" أَعُوْذُ بِوَجْهِ اللهِ الْعَظِيْمِ الَّذِيْ لَيْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ، وَبِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّاتِ الَّتِيْ لَايُجَاوِزُهُنَّ بَـرٌّ وَّلَا فَاجِرٌ، وَبِأَسْمَآءِ اللهِ الْحُسْنىٰ كُلِّهَا مَا عَلِمْتُ مِنْهَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ."

مؤطا امام مالک میں ہے:

"عن القعقاع بن حكيم، أن كعب الأحبار قال: «لولا كلمات أقولهن لجعلتني يهود حمارا»، فقيل له: وما هن؟ فقال: «‌أعوذ ‌بوجه ‌الله ‌العظيم، الذي ليس شيء أعظم منه، وبكلمات الله التامات التي لا يجاوزهن بر ولا فاجر، وبأسماء الله الحسنى كلها ما علمت منها وما لم أعلم، من شر ما خلق وبرأ وذرأ»".

(كتاب الشعر، باب مايؤمر به من التعوذ، ج:2، ص:951، ط:دار إحياء التراث العربي)

لہذا جادو سے بچاؤ کے لیے مذکورہ ادعیہ اور اذکار کو بھی کثرت سے پڑھنا چاہیے۔ 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144404101421

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں