بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اسلامی بینک سے گاڑی خریدنے کا حکم


سوال

اسلامی بینک سے گاڑی خریدنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ بینک کے توسط سے گاڑی خریدنے کی صورت میں خرابی یہ ہے کہ بینک یک مشت رقم کمپنی کو ادا کرکے پھر قسط وار مع سود کے خریدار سے رقم وصول کرتا ہے اور اس طرح معاملہ کرنا شرعاً جائز نہیں ،یہ سودی معاملہ ہے، اورسودی لین دین حرام ہے، کیونکہ ایسے معاملہ میں بینک کی حیثیت قرض دینے والے کی ہوتی ہے اور قرض پر سود لينے دينے والے كے بارے ميں  قرآن واحادیث میں  سخت وعیدیں آئی ہیں ،ایک حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سود لینے ،سود دینے ،سود لکھنے اور اس پر گواہی دینے والے پر لعنت فرمائی ہے؛لہذامروجہ کسی بھی  اسلامی بینک سے قسطوں پر گاڑی لینا جائز نہیں ہے،اس لیے کہ مروجہ اسلامی بینکوں کا قسطوں پر گاڑی دینے کا معاملہ مکمل شرعی اصولوں کے مطابق نہیں ہے، بلکہ اس معاملہ میں متعدد شرعی احکام کی خلاف ورزی لازم آتی ہے، مثلاً: مروجہ اسلامی بینکوں  سے قسطوں پر گاڑی خریدتے وقت دو عقد بیک وقت ہوتے ہیں، ایک عقد بیع کا ہوتا ہے جس کی بنا پر قسطوں کی شکل میں ادائیگی خریدار پر واجب ہوتی ہے اور اسی کے ساتھ ہی (اجارہ) کرائے کا معاہدہ بھی ہوتا ہے، جس کی بنا پر ہر ماہ کرائے کی مد میں بینک خریدار سے کرایہ بھی وصول کرتا ہے، اور یہ دونوں عقد صورتاً یا حکمًا ایک ساتھ ہی کیے جاتے ہیں جو کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے درج ذیل فرمان کی وجہ سے ناجائز ہیں:

"عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: نهی رسول الله صلي الله عليه وسلم عن بيعتين في بيعة."

(رواه مالك و الترمذي و ابوداؤد و النسائي)

"و عن عمرو بن شعيب عن ابيه عن جده قال: نهی رسول الله صلي الله عليه وسلم عن بيعتين في صفقة واحدة."

(رواه في شرح السنة)

"وإن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: " ‌لعن ‌الله ‌آكل ‌الربا، ‌وموكله، ‌وشاهده، ‌وكاتبه."

(مسند أحمد،مسند عبد الله بن مسعود رضي الله تعالى عنه)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144309101151

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں