بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اقامت کے کلمات کے آخر کے اعراب کا حکم


سوال

اقامت میں  "قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةُ" کی آخری تاء کو حرکت یعنی پیش کے ساتھ پڑھنا کیسا ہے؟

جواب

اذان اور اقامت کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ ہر کلمہ کو ساکن پڑھا جائے، اذان میں ہر کلمہ پر وقف کرے اور اقامت میں دو کلمات کے بعد وقف کرے، مگر پہلے کلمہ کو بھی بنیتِ وقف ساکن پڑھے، "قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةْ" بھی دو مرتبہ اسی طرح یعنی آخری "تاء" کے سکون کے ساتھ پڑھے، "تاء" پر پیش پڑھنا غلط ہے۔

فتاوٰی ہندیہ میں ہے:

"ويسكن كلماتهما على الوقف لكن في الأذان حقيقة وفي الإقامة ينوي الوقف. كذا في التبيين."

(كتاب الصلاة، الباب الثاني في الأذان، الفصل الثاني في كلمات الأذان والإقامة وكيفيتهما، 56/1، ط: رشيدية)

البحرالرائق شرح کنز الدقائق میں ہے:

"ويسكن كلمات الأذان والإقامة لكن في الأذان ينوي الحقيقة وفي الإقامة ينوي الوقف."

(كتاب الصلاة، باب الأذان، 271/1، ط: دار الكتاب الإسلامي)

احسن الفتاوٰی میں ہے:

"اذان اور اقامت کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ ہر کلمہ کو ساکن پڑھا جائے، اذان میں ہر کلمہ پر وقف کرے اور اقامت میں دو کلمات کے بعد، مگر پہلے کلمہ کو بنیتِ وقف ساکن پڑھے، "قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةْ" بھی دو مرتبہ اسی طرح کہے، اذان اور اقامت میں دو تکبیروں کو ایک کلمہ شمار کیا جاتا ہے، اذان میں ہر دو تکبیروں میں پہلی تکبیر اور اقامت میں پہلی تین تکبیروں کی راء پر رفع پڑھنا خلافِ سنت ہے، اس کو ساکن پڑھنا چاہیے یا مفتوح کرکے دوسری تکبیر کے ساتھ ملایاجائے۔"

(کتاب الصلاۃ، باب الاذان والاقامۃ، 296/2، ط: سعید) 

فتاوٰی محمودیہ میں ہے:

"سوال: ایک شخص کہتا ہے کہ "قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةُ"،"قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةُ"("ۃُ" پر ضمہ کے ساتھ) پڑھا جائے گا، اس کے خلاف نہیں، ورنہ اقامت نہ ہوگی۔دوسرا شخص کہتا ہے کہ "قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةِ" پڑھا جائے گا یعنی "ۃِ" کسرہ کے ساتھ پڑھا جائے گا، ایک فریق دوسرے فریق کو کہتا ہے کہ تمہارے طریقے کے مطابق اقامت ادا نہ ہوگی، تو اب کس فریق کا اعتبار کیا جائے اور صحیح کیا ہے؟

الجواب حامدًا ومصلیًا:

آخروالی "تاء" وقف اور سکتہ کی حالت میں "ھا" ہوجائے گی، لہٰذا اس پر نہ پیش پڑھا جائے گا نہ زیر، اصل کے اعتبار سے اس پر پیش تھا جب کہ اس پر وقف و سکتہ نہ ہو، سکتہ کے بعد وہ ساکن ہے، زیر غلط ہے۔"

(کتاب الصلاۃ، باب الاقامۃ والتثویب، 468/5، ط: الفاروق)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144407101316

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں