بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

28 صفر 1448ھ 12 اگست 2026 ء

دارالافتاء

 

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ازواج مطہرات باندیاں اور اولاد کی تعداد


سوال

(1) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی  ازواج مطہرات  کی تعداد کتنی ہے ؟ ان کا نام مع ولدیت ترتیب کے ساتھ بتادیجئے۔

(2)  حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی کتنی باندیاں تھیں ؟ ان کا کیانام تھا۔ 

(3)   حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی کتنی اولاد تھی  اور کن زوجہ سے تھی؟

جواب

(1)آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات (امہات المؤمنین) کی کل تعداد 11 ہے (جن میں سے دو کا وصال آپ کی زندگی ہی میں ہوگیا تھا، اور 9 ازواجِ مطہرات آپ کی وفات کے وقت حیات تھیں۔) ترتیب وار نام مع ولدیت درج ذیل ہیں:

(1) ام المومنین حضرت خدیجہ بنتِ خویلد رضی اللہ عنہا (والد: خویلد بن اسد)

(2) ام المومنین حضرت سودہ بنتِ زمعہ رضی اللہ عنہا (والد: زمعہ بن قیس)

(3) ام المومنین حضرت عائشہ بنتِ ابی بکر رضی اللہ عنہما (والد: ابو بکر صدیق بن ابی قحافہ)

(4) ام المومنین حضرت حفصہ بنتِ عمر رضی اللہ عنہما (والد: عمر بن خطاب)

(5) ام المومنین حضرت زینب بنتِ خزیمہ رضی اللہ عنہا (والد: خزیمہ بن حارث)

(6) ام المومنین حضرت امِ سلمہ  بنتِ ابی امیہ رضی اللہ عنہا (والد: ابو امیہ حذیفہ بن مغیرہ)

(7) ام المومنین حضرت زینب بنتِ جحش رضی اللہ عنہا (والد: جحش بن رئاب)

(8) ام المومنین حضرت جویریہ بنتِ حارث رضی اللہ عنہا (والد: حارث بن ابو ضرار)

(9) ام المومنین حضرت امِ حبیبہ (رملہ) بنتِ ابی سفیان رضی اللہ عنہما (والد: ابو سفیان بن حرب)

(10)ام المومنین  حضرت صفیہ بنتِ حیی رضی اللہ عنہا (والد: حیی بن اخطب)

(11)ام المومنین حضرت میمونہ بنتِ حارث رضی اللہ عنہا (والد: حارث بن حزن)

(سیرت مصطفیٰ ، تعداد ازواج مطہرات ، ج:3، ص:135تا171،ط: مکتبہ ندوہ)

(2) حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی باندیاں

حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ملکیت میں چند باندیاں  تھیں، جن میں سے دو کے نام کتبِ سیرت میں بالخصوص معروف ہیں:

حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ عنہا (جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی والدہ ہیں)

حضرت ریحانہ بنتِ زید رضی اللہ عنہا

(سیرت مصطفیٰ ، تعداد ازواج مطہرات ، ج:3، ص:174،ط: مکتبہ ندوہ)

(3) اولادِ کرام  اور بناتِ عظام کی تفصیل:

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کُل 7 اولاد تھیں (3 صاحبزادے اور 4 صاحبزادیاں)، اور یہ تمام بچے (حضرت ابراہیم کے علاوہ) حضرت خدیجہ بنتِ خویلد رضی اللہ عنہا کے بطن سے تولد ہوئے۔

صاحبزادگان (بیٹے):

(1) حضرت قاسم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ (انہی کی نسبت سے آپ کی کنیت "ابو القاسم" تھی)

(2) حضرت عبداللہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ (جنہیں طیب اور طاہر بھی کہا جاتا ہے)

(3) حضرت ابراہیم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ (یہ حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے)

صاحبزادیاں (بیٹیاں):

(1) حضرت زینب رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا

(2) حضرت رقیہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا

(3) حضرت امِ کلثوم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا

(4) حضرت فاطمہ زہرا رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا

(سیرت مصطفیٰ ، تعداد ازواج مطہرات ، ج:3، ص:181 تا 184،ط: مکتبہ ندوہ)

فقط واللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144802101068

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں