بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

رسول اللہ ﷺ اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کے درمیان شجرہ نسب کا بیان


سوال

نبی اکرم ﷺ  کی ولادت حضرت اسماعیل علیہ السلام کی کتنی پشتوں کے بعد ہوئی ہے ؟ کوئی 32 کہہرہا ہے  اور  کوئی 71   کہہ رہا ہے ؟

جواب

ہمارے نبی اکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا شجرہٴ نسب اور سلسلة الذہب تمام علماء وموٴرخین کے نزدیک آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے لے کر عدنان تک متفق علیہ اور مسلم نسب ہے، اس میں کسی کا اختلاف نہیں ہے، اور یہ کل 21 پشتیں بنتی ہیں، البتہ عدنان کے بعد حضرت اسماعیل علیہ السلام تک کتنی پشتیں ہیں؟ بعض موٴرخین تیس بتلاتے ہیں، اور بعض چالیس بتلاتے ہیں، لہٰذا عدنان کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا شجرہٴ نسب بیان نہیں کرنا چاہیے اور  امام بخاری رحمہ اللہ نے بھی اپنی کتاب صحیح بخاری میں عدنان تک ہی ذکر فرمایا ہے۔

چنانچہ بخاری شریف میں ہے:

"باب مبعث النبي صلی اللہ علیہ وسلم محمد بن عبد اللہ بن عبد المطلب بن ھاشم بن عبد مناف بن قصي بن کلاب بن مرة بن کعب بن لؤي بن غالب بن فھر بن مالک بن النضر بن کنانة بن خزیمة بن مدرکة بن إلیاس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان."

(بخاری شریف: ج۱ ص۵۴۳)

 طبقات ابن سعد میں ہے :

"عن ابن عباس أن النبي علیہ الصلاة والسلام کان إذا انتسب لم یجاوز في نسبه معد بن عدنان بن أدد ثم یمسك و یقول: كذب النسّابون."

(الطبقات الکبری لابن سعد ج۱ ص۴۷ دار الکتب العلمیة بیروت)

ترجمہ : اور حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم علیہ الصلاة والسلام جب اپنا نسب شریف بیان فرماتے تھے تو عدنان سے تجاوز نہ فرماتے، عدنان پر رک جاتے اور یہ فرماتے کہ کذب النسّابون (نسب  بیان کرنے والوں نے غلط کہا)۔

فقط اللہ اعلم


فتوی نمبر : 144303100372

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں