بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 محرم 1448ھ 26 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

حصول اولاد کے لئے وظائف اور مجرب اعمال


سوال

 میری شادی کو چھ سال ہو گئے ہیں، اولاد نہیں ہوئی ،اس کے لیے  کچھ بتا دیں ۔

جواب

ظاہری اسباب اختیار کرنے کے  ساتھ  ساتھ  صدق دل سے اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی  بے  چارگی کو بیان کر کے خوب  خوب  دعائیں مانگیں، استغفار اور صدقہ کی کثرت کریں،جیسا کہ قرآنِ مجید   میں ارشاد باری تعالی ہے:

"﴿فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا. يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُم مِّدْرَارًا. وَيُمْدِدْكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَل لَّكُمْ جَنَّاتٍ وَيَجْعَل لَّكُمْ أَنْهَارًا﴾ ."(نوح، 12،11،10)

ترجمہ:"اور میں  نے کہا کہ تم اپنے پروردگار سے گناہ بخشواؤ بے شک وہ بڑابخشنے والا ہے، کثرت سے تم پر بارش بھیجے گا اور تمہارے مال اولاد میں ترقی دے گا،اور تمہارے لیے باغ لگادے گااور تمہارے لیے نہریں بہا وے گا"

 نیز میاں بیوی دونوں چلتے پھرتے بکثرت اور بالخصوص   ہر نماز کے بعد   سات مرتبہ درج ذیل دعا کا اہتمام کریں، اللہ کی ذات سے قوی امید ہے کہ وہ ان کو اولاد کی نعمت عطا کردے گا:

"﴿رَبِّ لَا تَذَرْنِي فَرْدًا وَأَنتَ خَيْرُ الْوَارِثِينَ﴾ ."(الانبياء، 89)

اور اسی طرح ہر نماز کے بعد درج ذیل آیت بھی سات دفعہ پڑھنے کا اہتمام کریں:

"﴿رَبِّ إِنِّي لِمَا أَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ﴾ ."(القصص، 24)

حکیم الامت  حضرت مولانا اشرف علی تھانوی  رحمہ اللہ نے اعمال ِ قرآنی میں لکھا ہے:

اولاد کے لیے دعا:"﴿رَبِّ هَبْ لِي مِن لَّدُنكَ ذُرِّيَّةً طَيِّبَةً ۖ إِنَّكَ سَمِيعُ الدُّعَاءِ﴾ ."(آل عمران، 38)

خاصیت:  جس کو اولاد سے مایوسی ہو، وہ اس آیت کو پڑھا کرے، خدا وندِ کریم اس کی برکت سے فرزندِ  صالح عطافرمائے گا ان شاء اللہ۔

(اعمالِ قرآنی، ص:30،ط: دارالاشاعت،اردو بازار ،کراچی)

مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہید رحمۃ اللہ علیہ ایسے ہی سوال کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں:

40 عدد لونگ لیں ،ہر لونگ پر سات مرتبہ سورۃ النور کی آیت نمبر :40 جو "أو كظلمات"سے شروع ہو کر "فماله من نور" پر ختم ہوتی ہے،پڑھیں۔جب عورت ماہواری سے فارغ ہو تو رات کو سوتے وقت ایک لونگ چباکر کھالیا کرے،اوپر سے پانی نہ پیے،متواتر چالیس دن تک بلا ناغہ کھائے،اور اس دوران میاں بیوی کبھی کبھی مل لیا کریں ،اللہ تعالی کو منظور ہوگا تو اولاد ہوجائے گی۔

(ج:4، ص:252،اورادو وظائف، ط: مکتبہ لدھیانوی)

 ایک بہت ہی مجرب عمل یہ بھی ہے کہ  آپ دونوں میاں بیوی مرغی کے دو انڈے ابال لیں، اور ان کے چھلکے اتارلیں، ایک انڈے پر لکھیں "وَالسَّمَاءَ بَنَیْنَاهَا بِأَیْدٍ وَإِنَّا لَمُوسِعُونَ" یہ انڈا ناشتہ کے بعد شوہر کھالے، دوسرے انڈے پر لکھیں "وَالْأَرْضَ فَرَشْنَاهَا فَنِعْمَ الْمَاهِدُونَ"یہ انڈا ناشتہ کے وقت  بیوی کھالے، چالیس روز تک یہ عمل مسلسل بلاناغہ کیا جائے، اس درمیان میں کبھی کبھی ہمبستری بھی کریں،ان شاءاللہ اللہ تعالی اولاد کی نعمت سے نوازیں گے۔

فقط وللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144707102379

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں