
لفظ حمیمہ کس صحابیہ کا نام ہے؟
تاریخ اسلام میں یہ نام صحابیہ حضرت حُمَيْمَہ (حاء کے پیش اور میم کے زبر سے)بنت صَيْفِيّ رضی اللہ عنہا کا ہے۔ ان کا تعلق مدینہ منورہ کے انصار قبیلے خزرج کی شاخ ”بنو سلمہ“ سے تھا اور ان کے والد کا نام صَيْفِيّ بن صخر تھا۔ حمیمہ رضی اللہ عنہا نے اسلام قبول کر کے نبی کریم ﷺ سے بیعت کرنے کا شرف حاصل کیا۔ان کا پہلا نکاح مدینہ کے مشہور سردار اور بیعتِ عقبہ کے نقیب حضرت براء بن معرور رضی اللہ عنہ سے ہوا تھا، اور ان کی وفات کے بعد ان کا دوسرا نکاح رسول اللہ ﷺ کے چہیتے اور محبوب صحابی حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ سے ہوا۔
اسی طرح حُمَيمہ(حاء کے پیش اور میم کے زبر سے) نام کی ایک اور جلیل القدر صحابیہ بھی گزری ہیں، جن کا پورا نام حضرت حُمَیمہ بنت الحُمام رضی اللہ عنہا ہے۔ ان کا تعلق بھی مدینہ منورہ کے انصار قبیلے خزرج کی شاخ ”بنو سلمہ“ سے تھا، ان کے والد کا نام الحمام بن الجموح اور والدہ کا نام النوار بنت عامر تھا۔ یہ تاریخِ اسلام کے ان عظیم اور جری صحابی حضرت عمیر بن الحمام رضی اللہ عنہ کی سگی بہن تھیں، جنہوں نے غزوۂ بدر میں تاریخی بہادری دکھائی اور جامِ شہادت نوش کیا۔ حضرت حُمیمہ کا نکاح سنان بن قیس سے ہوا تھا، جن سے ان کے بیٹے مسعود پیدا ہوئے۔ حمیمہ رضی اللہ عنہا نے بھی کلمۂ حق پڑھا، اسلام لائیں اور رسول اللہ ﷺ سے بیعت کرنے کی سعادت حاصل کی۔
الطبقات الکبری لابن سعد میں ہے:
"5341 - حميمة بنت صيفي بن صخر بن خنساء بن سنان بن عبيد بن عدي بن غنم بن كعب بن سلمة، وأمها نائلة بنت قيس بن النعمان بن سنان بن عبيد بن عدي بن غنم بن كعب بن سلمة. تزوجها البراء بن معرور ثم خلف عليها زيد بن حارثة الكلبى حب رسول الله، صلى الله عليه وسلم. أسلمت حميمة وبايعت رسول الله."
و فيه أيضا:
"5332 - حميمة بنت الحمام بن الجموح بن زيد بن حرام بن كعب بن غنم بن كعب بن سلمة، وهى أخت عمير بن الحمام، شهد بدرا واستشهد يومئذ. وأمها النوار بنت عامر بن نابئ بن زيد بن حرام. تزوج حميمة سنان بن قيس بن الأسود بن مري بن كعب بن غنم بن كعب بن سلمة فولدت له مسعودا. أسلمت حميمة وبايعت رسول الله، صلى الله عليه وسلم."
(النساء، تسمية نساء الأنصار المسلمات المبايعات، من نساء بني سَلِمَة بن سعد بن عليّ بن أَسَد بن سَارِدة بن تَزِيد بن جُشَم بن الخَزْرَج، ج:10 ص:372،370،الرقم:5341،5332، ط:مكتبة الخانجي، القاهرة - مصر)
الاصابہ في تمييز الصحابة میں ہے:
11063- حميمة،بالتصغير أيضا وبدل الدال ميم، بنت صيفي بن صخر، من بني كعب بن سلمة، زوج البراء بن معرور. ذكرها ابن سعد في المبايعات.
11064- حميمة بنت الحمام بن الجموح،أخت عمرو بن الحمام."
(حرف الحاء المهملة، القسم الأول، ج:8، ص:89، الرقم:11063،11062، ط:دار الكتب العلمية - بيروت)
فقط والله أعلم
فتویٰ نمبر : 144801101657
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن