بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

حالتِ حیض میں حمل کے ٹھہرنے سے خنثی کا پیدا ہونا


سوال

 حالتِ  حیض میں جماع کرنے سے عورت کو حمل ٹھہر سکتا ہے یا نہیں؟  کیون کہ ڈاکٹر حضرات کہتے ہیں کہ حیض کی حالت میں جماع کرنے سے حمل نہیں ٹھہر سکتا۔

جواب

صورتِ مسئولہ میں حالتِ حیض میں بیوی سے جماع کرنا ہی حرام و ناجائز ہے، اگر  زوجین کی رضامندی سے اس گناہ کا ارتکاب ہوا ہے تو دونوں گناہ گار ہوئے، دونوں پر استغفار کرنا لازم ہے، اور یہ شرعی نقطہ نظر سے حرام ہونے کے ساتھ ساتھ  طبی لحاظ سے بھی انتہائی نقصان دہ ہے، اس لیے اس سے بالکل اجتناب کرنا ضروری ہے، باقی حالتِ حیض میں حمل کا ٹھہرنا ممکن ہے، اور بعض روایات میں حالتِ حیض میں ٹھہرنے والے حمل سے خنثی کی ولادت کا ذکر ملتا ہے۔

نیز مذکورہ گناہ کے ازالے کے لیے بہتر یہ ہے کہ  کچھ صدقہ کرے؛ تاکہ نیکی سے گناہ دھل جائے،  استطاعت ہو تو ایک دینار ( یعنی4.374گرام سونا یا اس کی قیمت، اگر ایام کا خون سرخ ہو) یا آدھا دینار (یعنی 2.187 گرام  سونا یا اس کی قیمت، جب کہ خون سرخ رنگ کے علاوہ ہو) صدقہ کریں۔

شرح صحيح البخارى لابن بطال میں ہے:

"عن ابن عباس قال: المخنثون أولاد الجن. قيل له: وكيف؟ قال: نهى الله ورسوله أن يأتى الرجل امرأته وهى حائض فإذا أتاها سبقه الشيطان إليها فحملت منه فأتت بالمخنث".

(کتاب اللباس، باب قص الشارب، ج:9، ص:143، ط:مکتبۃ الرشد)

فتاوی شامی میں ہے:

"ويندب تصدقه بدينار أو نصفه.

(قوله: ويندب إلخ) لما رواه أحمد وأبو داود والترمذي والنسائي عن ابن عباس مرفوعًا «في الذي يأتي امرأته وهي حائض، قال: يتصدق بدينار أو نصف دينار» ثم قيل إن كان الوطء في أول الحيض فبدينار أو آخره فبنصفه، وقيل بدينار لو الدم أسود وبنصفه لو أصفر. قال في البحر: ويدل له ما رواه أبو داود والحاكم وصححه «إذا واقع الرجل أهله وهي حائض، إن كان دما أحمر فليتصدق بدينار، وإن كان أصفر فليتصدق بنصف دينار."

(كتاب الطهارة، باب الحيض، ج:1، ص:298، ط:ايج ايم سعيد)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144404102111

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں