بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 محرم 1446ھ 15 جولائی 2024 ء

دارالافتاء

 

حیض کے ایام پورے ہونے کے بعد بغیر غسل جماع کا حکم


سوال

اگر حیض کے ایام پورے ہونے کے بعد بیوی بغیر غسل کے خاوند کے ساتھ مباشرت کر لے تو اس کا میاں بیوی دونوں یا دونوں میں سے کسی ایک کے متعلق کیا حکم ہو گا کوئی کفارہ وغیرہ؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں حائضہ عورت حیض سے پاک ہونے کے بعد ہمبستری کرنے میں  تفصیل یہ   ہے کہ اگر حیض اپنی پوری مدت یعنی دس دن  میں ختم ہو اہے توخون منقطع ہوتے ہی   غسل سے قبل  عورت  سے ہم بستری  درست ہے ،اگرچہ بہتر یہ ہے کہ غسل کے بعدہمبستری کرے۔اور اگر دس دن سے پہلے ماہواری ختم ہو گئی ، مثلاً: چھ ،سات روز میں اور عورت کی عادت بھی چھ یا سات روز کی تھی تو خون کے موقوف ہوتے ہی  ہم بستری درست نہیں، بلکہ حیض ختم ہونے کے بعد جب عورت غسل کر لے یا ایک نماز کا وقت گزر جائے (جس میں غسل کرکے کپڑے پہن کر نماز شروع کرسکے)  اس کے بعد ہم بستری درست ہو گی اور اگر اس دوران ہمبستری کرلی تو اس پر توبہ واستغفار کرے ۔ اور اگر عادت کے ایام سے پہلے ہی خون بند ہوگیا ہو اس صورت میں عادت کے ایام مکمل ہونے سے پہلے ہم بستری جائز نہیں، ممکن ہے کہ وقتی طور پر خون بند ہواہو اور دوبارہ لوٹ کر آجائے،اگر اس دوران ہمبستری کرلی تو اس پر توبہ واستغفار کرے بہتر یہ ہے کہ اس کے بعد کچھ صدقہ کرے؛ تاکہ نیکی سے گناہ دھل جائے۔ استطاعت ہو تو ایک دینار (4.374  گرام سونے کا سکہ) یا آدھا دینار (یا اس کی قیمت) صدقہ کریں۔ 

در مختار میں ہے :

''(ويحل وطؤها إذا انقطع حيضها لاكثره) بلا غسل وجوبابل ندبا.(وإن) انقطع لدون أقله تتوضأ وتصلي في آخر الوقت، وإن (لاقله) فإن لدون عادتها لم يحل، أي الوطء وإن اغتسلت؛ لأن العود في العادة غالب بحر، وتغتسل وتصلي وتصوم احتياطا، وإن لعادتها، فإن كتابية حل في الحال وإلا (لا) يحل (حتى تغتسل) أو تتيمم بشرطه(أو يمضي عليها زمن يسع الغسل) ولبس الثياب''۔

(فتاوی شامی ،باب الحیض،ج: 1،ص:294،سعید)

فتاوی شامی میں ہے :

"ويندب تصدقه بدينار أو نصفه.

(قوله: ويندب إلخ) لما رواه أحمد وأبو داود والترمذي والنسائي عن ابن عباس مرفوعًا «في الذي يأتي امرأته وهي حائض، قال: يتصدق بدينار أو نصف دينار» ثم قيل إن كان الوطء في أول الحيض فبدينار أو آخره فبنصفه، وقيل بدينار لو الدم أسود وبنصفه لو أصفر. قال في البحر: ويدل له ما رواه أبو داود والحاكم وصححه «إذا واقع الرجل أهله وهي حائض، إن كان دما أحمر فليتصدق بدينار، وإن كان أصفر فليتصدق بنصف دينار»."

(کتاب الطہارۃ،باب الحیض ،ج:1،ص:298،سعید)

فقط واللہ اعلم 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144511100955

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں