بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

گڈول (Goodwill) کی شرعی حیثیت


سوال

گڈول(goodwill) کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

جواب

واضح رہے کہ گڈول(Goodwill) کوئی ایسی چیز نہیں جس کا خارج میں کوئی وجود ہو اور اس کی قیمت لگائی جائے، بلکہ یہ ایک  حیثیتِ عرفیہ  ہے یا نیک نامی ہے، اس لیے اگر آپ کے سوال کا مقصد یہ ہے کہ اس کو بیچنا یا اس کے عوض رقم لینا کیسا ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ اس کے عوض رقم لینا یا اس کی قیمت مقرر کرنا جائز نہیں ہے، جیسا کہ  مفتی محمود حسن گنگوہی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

’’گڈول یعنی ’’نام‘‘ درحقیقت مال نہیں،  بلکہ بمنزلہ حیثیت عرفیہ کی ہے، جس کی کوئی قیمت نہیں، قانون نے اس کو جوکچھ حیثیت دی ہے، وہ شریعت کی رو سے فتویٰ لے کر نہیں دی ہے، اس لیے یہ باہمی رضامندی سے معاملہ طے کرلیاجائے، جوبھائی حکمِ شرع کی قدر کرتے ہوئے عمل کرے گا ان شاء اللہ نقصان میں نہیں رہے گا، ایثار سے کام لینا دنیا وآخرت میں بہت زیادہ عزت ومنفعت کا ذریعہ ہے‘‘۔(فتاوی محمودیہ 16/178)

امدادالاحکام میں ہے :

’’ محض اس قانون کے مشہور ہونے سے قرض خواہوں کا حق عنداللہ ساقط نہ ہوگا اور حقوق گڈول کی تنہا قیمت کچھ نہیں۔ ہاں یہ درست ہے کہ حقوق گڈول کی وجہ سے مجموعی دوکان کی قیمت زیادہ شمار کی جائے، مگر چوں کہ تنہا یہ حقوق شرعاً  قیمتی نہیں؛ اس لیے یہ جائز نہیں کہ ایک شریک کو صرف حقوقِ گڈول کی وجہ سے ایک لاکھ کا شریک مانا جائے، بلکہ اس کی طرف تھوڑا بہت مال بھی ہو جس کی قیمت حقوق گڈول کی وجہ سے زیادہ شمار کی جائے ‘‘۔(4/452مکتبہ دارالعلوم کراچی)

الأشباه والنظائر لابن نجيم (ص: 178):
"الحقوق المجردة لايجوز الاعتياض عنها كحق الشفعة؛ فلو صالح عنه بمال بطلت". فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144107201159

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں