بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پکے فرش کی پاکی کا طریقہ


سوال

اگر بچے نے فرش پر پیشاب کیا اور تھوڑی دیر بعد وہ خشک ہو گیا تو وہ فرش پاک ہے یا ناپاک ؟

جواب

پختہ فرش پر اگر بچہ پیشاب کردے اور وہ فرش خشک ہوجائے نیزنجاست کا کوئی اثر باقی نہ رہے تو وہ فرش پاک کہلائے گا، یعنی اس پر نماز پڑھ سکتے ہیں، البتہ اگر وہ جگہ متعینہ طور پر معلوم ہو تو اس سے تیمم کی اجازت نہیں ہوگی۔ اور اگر  پیشاب زمین پر خشک ہوکرجذب ہوگیا، لیکن نجاست کااثر موجود ہو تو اس صورت میں تین بار پانی بہاکر اس کو پاک کرلیاجائے۔

واضح رہے کہ بعض فتاویٰ میں ماربل یا ٹائل وغیرہ لگے ہوئے فرش پر نجاست خشک ہونے کی صورت میں بھی اسے دھونے یا اس پر پوچا لگانے کا حکم لکھاہے، یہ حکم احتیاط پر مبنی ہے، از روئے فتویٰ تو مذکورہ زمین خشک ہونے اور نجاست کا اثر باقی نہ رہنے کی صورت میں بغیر دھوئے بھی پاک ہوجائے گی، لیکن جہاں سہولت ہو  احتیاط پر عمل کرنا چاہیے۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"( ومنها ) الجفاف وزوال الأثر الأرض تطهر باليبس وذهاب الأثر للصلاة لا للتيمم. هكذا في الكافي. ولا فرق بين الجفاف بالشمس والنار والريح والظل". (2/130)

البحرالرائق میں ہے:

"وإن كان اللبن مفروشاً فجف قبل أن يقلع طهر بمنزلة الحيطان، وفي النهاية: إن كانت الآجرة مفروشةً في الأرض فحكمها حكم الأرض، وإن كانت موضوعةً تنقل وتحول، فإن كانت النجاسة على الجانب الذي يلي الأرض جازت الصلاة عليها، وإن كانت النجاسة على الجانب الذي قام عليه المصلي لاتجوز صلاته". (1/235)

حاشیة الطحطاوي علی مراقي الفلاح  میں ہے:

"والمراد بالأرض مايشمله اسم الأرض، كالحجر والحصى والآجر واللبن ونحوها، إذا كانت متداخلةً في الأرض غير منفصلة عنها‘‘. (حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح، كتاب الطهارة، باب الأنجاس والطهارة عنها". (1/231) ط: غوثيه) فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144108201195

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں