بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 محرم 1448ھ 23 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

فجرکی سنتیں جلدی اداکرنے کاحکم


سوال

میراسوال یہ ہے کہ  میں نے مختلف اوقات میں مختلف اشخاص سے یہ بات سنی ہے کہ فجر کی سنت نماز نہایت مختصر اور تیز رفتاری سے پڑھنی چاہئے،یہ بات تو مجھے پتہ ہے کہ فجرکی سنتوں میں سورۃ الکافرون اور سورۃ الاخلاص پڑھنی چاہئے،مگر ان اشخاص کاکہناتھا کہ قرآت بھی تیزی کے ساتھ ہو،یہاں تک کہ رکوع اورسجود میں تین مرتبہ کی جگہ صرف ایک مرتبہ  سبحان ربی العظیم ،اورسبحان ربی الاعلی پڑھاجائے۔

جواب

فجر کی سنتوں کے بارے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول یہ آتا ہے کہ خفیف (ہلکی) پڑھتے تھے۔ اکثر پہلی رکعت میں سورۃ الکافرون اوردوسری رکعت میں سورۃ الاخلاص پڑھا کرتے تھے، جب کہ فجر کی فرض میں طوالِ مفصل پڑھنے کا معمول تھا۔ اسی لیے فجر کی سنت ہلکی پڑھی جائیں اور فرض میں مسنون طویل قرات کی جائے،اسی طرح روایات سے یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے،کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دو رکعتیں جلدی پڑھتے تھے،البتہ اتنا جلدی پڑھنا کہ تین مرتبہ تسبیح کی بجائے ایک مرتبہ تسبیح پڑھے،تویہ خلاف سنت اورمکروہ تنزیہی ہے۔

صحیح مسلم میں ہے:

"عن عائشة؛ أنها كانت تقول:كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يصلي ركعتي الفجر. فيخفف حتى إني أقول: هل قرأ فيهما بأم القرآن!."

(،باب استحباب ركعتي سنة الفجر، والحث عليهما وتخفيفهما والمحافظة عليهما. وبيان ما يستحب أن يقرأ فيهما،ج:1،ص:501،ط:دار إحياء التراث العربي)

ترجمہ:حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:"نبی ﷺ فجر سے پہلے دو رکعتیں (سنت) اتنی ہلکی پڑھتے تھے کہ مجھے شک ہوتا کہ کیا آپ نے سورۂ فاتحہ بھی پڑھی ہے یا نہیں۔"

فتاوی شامی میں ہے:

"(قوله ثلاثا) فلو تركه أو نقصه كره تنزيها"

(کتاب الصلاۃ،باب صفۃ الصلاۃ،ج:1،ص:476۔ط:سعید)

حلبی کبیر میں ہے:

"(ويكره للمصلى ........ ) وان يترك التسبيحات في الركوع والسجود وان ينقص من ثلاث تسبيحات في الركوع والسجود لمخالفة السنة في ذلك كله ،"

(باب كراهية الصلاة، ص: 357،ط: سهیل اکیڈمی لاهور )

فقط واللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144710100230

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں