بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ایزی پیسہ اکاؤنٹ کھولنے کی دعوت دینا


سوال

 easypaisa پر account کھولنے پر ۵٠ روپے انعام ملتا ہے اور اگر ہم کسی کو invite کریں اور وہ بھی account کھول لے تو اس پر بھی ۵٠ روپے انعام ملتا ہے کیا یہ رقم جائز ہے؟ اور جیسا کہ آپ کے پچھلے فتاوی سے واضح ہو چکا ہے کہ easypaisa میں جو cash back ملتا ہے وہ نا جائز ہے اب مسلہ یہ ہے کہ جو رقم cash back کے ذریعے حاصل ہو چکی ہے اور استعمال میں بھی آ چکی ہے تو اس کا کیا کریں، رقم صدقہ کردی جاۓ؟ وضاحت فرمادیں۔

جواب

واضح رہے کہ موبائل فون  کی  مختلف کمپنیوں کی جانب سے مختلف ناموں سے اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، جس میں طے شدہ بیلنس  رکھنے  کی شرط پر کمپنی کی طرف سے  مختلف سہولیات اکاؤنٹ ہولڈر  کو مہیا کی جاتی ہیں؛ جیسے: فری منٹ، فری ایس ایم ایس و غیرہ، تو ایسے اکاؤنٹ کھلوانے کا حکم یہ ہے کہ اگر کمپنی سے مقررہ  رقم رکھنے کی شرط پر سہولیات فراہم ہی نہیں کی جائیں تو اس صورت میں ایسا اکاؤنٹ کھلوایا جا سکتا ہے۔ 

تاہم اگر کمپنی کی طرف سے مقررہ اضافی سہولیات فراہم کی جاتی ہوں، چاہے کوئی لینا چاہے یا نہ چاہے(اور ہماری اطلاعات کے مطابق صورتِ حال اسی طرح ہے) تو ایسی صورت میں ایسا اکاؤنٹ درحقیقت سودی ہوتا ہے، جسے کھلوانے کی شرعاً اجازت نہیں؛ کیوں کہ کمپنی میں اکاؤنٹ ہولڈر کی جانب سے جو  رقم جمع کرائی جاتی ہے وہ کمپنی کے ذمہ قرض ہوتی ہے اور اکاؤنٹ ہولڈر جب اپنی رقم واپس لینا چاہے کمپنی رقم واپس کرنے کی پابند ہوتی ہے، اور قرض پر کسی بھی قسم کا مشروط نفع از روئے شرع سود ہونے کی وجہ سے حرام ہوتا ہے؛ لہذا صورتِ مسئولہ میں ایسا اکاؤنٹ نہ  کھلوانا جائز  ہے اور نہ دوسرے کو اس کی طرف مدعو کرنا جائز ہے۔

باقی جو رقم Cashback کے طور پر وصول ہو چکی اور اس کو استعمال بھی کیا جا چکا تو استعمال شدہ رقم کے برابر رقم صدقہ کر دیں۔

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200093

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں