
ہمارے ایک بھائی کا انتقال ہوا، جو غیر شادی شدہ تھے، والدین کا مرحوم کی زندگی میں انتقال ہوگیا تھا، ان کے کل تین بھائی اور ایک بہن تھی، جس میں سے ایک بھائی کا انتقال مرحوم کی زندگی میں ہوگیا تھا، اب کل حیات ورثاء: دو بھائی اور ایک بہن ہے، مرحوم کے ترکہ میں کچھ مالیت ہے ، اب وہ مذکورہ ورثاء کے درمیان کیسے تقسیم ہوگی؟
صورتِ مسئولہ میں سائل کے مرحوم بھائی کے ترکہ کی تقسیم کا شرعی طریقہ یہ ہے کہ ترکہ میں سے اس کے حقوقِ متقدمہ یعنی تجہیز وتکفین کے اخراجات نکالنے کے بعد ، اگر مرحوم کے ذمہ کوئی قرض ہو، تو اسے کل ترکہ سے ادا کرنے کے بعد اور اگر انہوں نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو اسے بقیہ ترکہ کے ایک تہائی ترکہ سے پورا کرکے باقی کل منقولہ وغیر منقولہ ترکہ کو 5حصوں میں تقسیم کرکے دو، دو حصہ ہر ایک (زندہ) بھائی کو اور ایک حصہ بہن کو ملے گا۔
صورتِ تقسیم یہ ہے:
میت: 5
| بھائی | بھائی | بہن |
| 2 | 2 | 1 |
یعنی 100 فیصد میں سے40 فیصد کرکے مرحوم کے ہر ایک (زندہ) بھائی اور 20 فیصد بہن کو ملے گا۔باقی جس بھائی کا مرحوم کی زندگی میں انتقال ہوگیا تھا اس کا مرحوم کی میراث میں حق وحصہ نہیں ہوگا۔
فقط واللہ أعلم
فتویٰ نمبر : 144705101295
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن