
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ بعض علماء کرام تراویح میں ختم قرآن کی اُجرت کو جائز کہتے ہیں، جب کہ دارالعلوم دیوبند تراویح کی اجرت پر عدم جواز کا قائل ہے،دونوں حضرات کے دلائل قرآن و حدیث سے ہیں، اب ہم دارالعلوم دیوبند کے موقف کو اپنائیں یا مذکورہ علماء کرام کے موقف کو اختیار کریں۔ براہ کرم راہ نمائی فرمائیں!
واضح رہے کہ قرآن و حدیث کی متعدد صریح نصوص اس پر شاہد ہیں کہ طاعات (خواہ تعلیمِ قرآن، اذان و امامت وغیرہ ہو یا پھر تراویح وغیرہ )پر اُجرت لینا جائز نہیں ہے، اسی بناء پرمقتدمین فقہائے احناف نے بھی طاعات پر اجرت کے لین دین کو مطلقاً ناجائز ہی قرار دیا تھا۔
تاہم جب تک اسلامی سلطنت قائم تھی اورمساجد و مدارس سے وابستہ ائمہ و خطباء ، مدرسین و معلمین حضرات کے لیے بیت المال سے وظائف کا اجراء ہوتا تھا تو وہ لوگ فارغ البالی کے ساتھ مذکورہ امور پر اجرت لیے بغیر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیتے رہے، لیکن جب اسلامی سلطنت کے زوال کے ساتھ بیت المال کا نظام درہم برہم ہوا تو مذکورہ شعبہ جات سے وابستہ افراد اپنی معاشی ضروریات کی وجہ سے مجبوراًً دیگر مشاغل میں مصروف ہونےلگے، جس کی بناء پر دین کے اِن شعبہ جات کی کارکردگی متاثر ہونے لگی، حتیٰ کہ دین کی اشاعت، مساجد و مدارس اور امامت کا نظام شدید متاثر ہوا حتی کہ ختم ہونے کا اندیشہ لاحق ہوا۔
اسی مجبوری کے پیشِ نظر متاخرین فقہائے کرام نے دین کی بقاء کی غرض سے بامر مجبوری دین کے ان ضروری شعبوں میں اجرت لینے کو جائز قرار دیا ہے، چنانچہ دینی تعلیم و تعلم ، درس و تدریس اور امامت و اذان جو کہ دین کی بنیاد ہیں ان میں اجرت لینے کی اجازت اسی لیے دی گئی تاکہ شعائر دین کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔چوں کہ تراویح میں ختم قرآن نہ تو واجب ہے اور نہ ہی سنت مؤکدہ ہے، دینی شعائر میں سے ہے اور نہ ہی اِس پر شعائر دین کی بقاء موقوف ہے، بلکہ مستحب ہے؛ اِسی لیے فقہاء کے نزدیک کسی جگہ تراویح میں ختم قرآن قوم قبیلے کے لیے اذیت و تکلیف کا باعث بنے تو وہاں ختم قرآن کے بجائے مختصر تلاوت یعنی ”الم تر کیف ۔۔الخ“سے پڑھنا افضل ہے۔ دوسری بات فقہاء نے جس علت (ضرورت شدیدہ) کے تحت مذکورہ بالا چند امورِ طاعات پر اجرت کو جائز قرار دیا وہ علت (ضرورت شدیدہ) تراویح کے معاملہ میں مفقود ہے، اسی لیے متاخرین فقہاءنے جن امور طاعات پر اُجرت کو جائز قرار دیا، اُن میں تراویح شامل نہیں ہے، بلکہ اُس وقت سے لے کر آج تک تمام فقہائے احناف کا اجماعی مؤقف ناجائز ہونے کا ہی رہا ہے، یہ مسئلہ کسی بھی اہلِ علم سے مخفی نہیں ۔
نیز برصغیر پاک و ہند کے تمام اکابرین علمائے دیوبند اورمشائخ عظام نے تراویح میں ختمِ قرآن پر اُجرت کے لین دین کو ناجائز قرار دیا ہے۔⑴فقیہ النفس حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی نوراللہ مرقدہٗ ⑵حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوریؒ ⑶شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنیؒ⑷حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ ⑸مفتی اعظم ہند حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ دہلویؒ ⑹مفتی اول دارالعلوم دیوبندحضرت مفتی عزیزالرحمٰن صاحب قدس سرہٗ ⑺فقیہ الامت حضرت مولانا مفتی محمود حسن گنگوہیؒ ⑻حضرت مولانا مفتی عبدالرحیم لاجپوری صاحبؒ⑼مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحبؒ⑽حضرت مولانا ظفراحمد صاحب عثمانیؒ⑾ حضرت مولانا مفتی رشید احمد صاحبؒ⑿مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی ولی حسن ٹونکیؒ ⒀حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ سمیت بے شمار مستند و معتبر مفتیانِ کرام اور اہلِ علم حضرات نے تراویح پر اجرت لینے کو ناجائز قرار دیاہے، جن میں سے بعض حضرات کے فتاویٰ ذیل میں ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں۔
تاہم اگر کسی موقع پر حافظ کو بلاکسی معاہدہ کے بطورِ ہدیہ کچھ دے دیا جائے اورنہ دینے پرکوئی شکایت بھی نہ ہو اور نہ وہاں بطورِ اجرت لین دین کا عرف ورواج ہوتو اس صورت میں امام / حافظ کا ہدیہ وصول کرنا اجرت لینے دینے میں داخل نہیں ہوگا۔
سنن ترمذی میں ہے:
"عن عمران بن حصين ، أنه «مر على قارئ يقرأ، ثم سأل فاسترجع»، ثم قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: من قرأ القرآن فليسأل الله به؛ فإنه سيجيء أقوام يقرءون القرآن يسألون به الناس."
(باب ما جاء فيمن قرأ حرفا من القرآن ما له من الأجر، رقم الحدیث:2922، ج:5، ص:42، ط:دارالغرب الإسلامی)
ترجمہ: "حضرت عمران بن حصین رضی الله عنہ سے مروی ہے کہ وہ ایک قصہ گو کے پاس سے گزرے جو قرآن پڑھ رہا تھا ، پھر وہ ( قرآن پڑھ کر) مانگنے لگا۔ تو انہوں نے ”إنا لله“ پڑھا، اور کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہتے ہوئے سنا ہے جوشخص قرآن پڑھے تو اسے اللہ ہی سے مانگنا چاہیئے۔ کیوں کہ عنقریب کچھ لوگ ایسے آئیں گے جو قرآن پڑھ پڑھ کر(اُس کے عوض) لوگوں سے سوال کریں گے۔"
المحيط البرهاني في الفقه النعماني میں ہے:
"ومشايخ بلخ جوزوا الإستئجار على تعليم القرآن، إذا ضرب لذلك مدة أفتوا بوجوب أجر المثل قالوا: وإنما كره تعليم القرآن بالأجر في الصدر الأول؛ لأن حملة القرآن كانوا قليلاً فكان التعليم واجباً حتى لا يذهب القرآن، فأما في زماننا كثر حملة القرآن ولم يبق التعليم واجباً، فجاز الإستئجار عليه.
وذكر الشيخ الإمام أبو بكر محمد بن الفضل البخاري كان المتأخرون من أصحابنا يجوزون ذلك، ويقولون إنما كان المتقدمون يكرهون ذلك لأنه كان للمعلمين عطيات من بيت المال وكانوا مستغنين عما لا بد لهم من أمر معاشهم، وقد كان في الناس رغبة في التعليم بطريق الحسبة، وللمتعلمين مروءة في المجازاة بالإحسان من غير شرط أما اليوم ليس لهم عطيات من بيت المال والتعليم يشغلهم عن اكتساب ما لا بد لهم من أمر المعاش وانقطع رغبة المعلمين في الإحتساب ومجازاة المتعلمين من غير شرط، فتجوز الإجارة ويجبر المستأجر على دفع الأجرة ويحبس بها وبه يفتى."
(كتاب الإجارت، الفصل الخامس عشر: في بيان ما يجوز من الإجارات، وما لا يجوز، ج:7، ص:479، ط:داالكتب العلمية)
درر الحكام في شرح مجلة الأحكام میں ہے:
"اتفقت النقول عن أئمتنا الثلاثة أبي حنيفة وأبي يوسف ومحمد أن الإستئجار على الطاعات باطل لكن جاء من بعدهم من المجتهدين من أهل التخريج والترجيح فأفتوا بصحته على تعليم القرآن للضرورة فإنه كان للمعلمين عطايا من بيت المال وانقطعت، فلو لم يصح الإستئجار وأخذ الأجرة لضاع القرآن وفيه ضياع الدين لاحتياج المعلمين إلى الإكتساب وأفتى من بعدهم أيضا من أمثالهم بصحته على الأذان والإمامة؛ لأنها من شعائر الدين فجوزوا الإستئجار عليهما للضرورة أيضا فهذا ما أفتى به المتأخرون عن أبي حنيفة وأصحابه لعلمهم بأن أبا حنيفة وأصحابه لو كانوا في عصرهم لقالوا بذلك.
ورجعوا عن قولهم الأول، وقد أجمعت أئمة المتون والشروح والفتاوى على نقلهم بطلان الإستئجار على الطاعات إلا فيما ذكر وعللوا ذلك للضرورة."
(الكتاب الثاني الإجارة، الباب السادس، الفصل الرابع، ج:1، ص:656، ط: دارالجيل)
منحة الخالق میں ہے:
"قال الرملي أقول:المفتى به جواز الأخذ استحسانا على تعليم القرآن لا على القراءة المجردة كما صرح به في التتارخانية."
(ج:5، ص:246، ط:دارالكتاب الإسلامي)
حاشية رد المحتار على الدر المختار میں ہے:
'' فالحاصل: أن ما شاع في زماننا من قراءة الأجزاء بالأجرة لا يجوز؛ لأن فيه الأمر بالقراءة وإعطاء الثواب للآمر والقراءة لأجل المال، فإذا لم يكن للقارىء ثواب لعدم النية الصحيحة فأين يصل الثواب إلى المستأجر!! ولولا الأجرة ما قرأ أحد لأحد في هذا الزمان، بل جعلوا القرآن العظيم مكسباً ووسيلةً إلى جمع الدنيا، إنا لله وإنا إليه راجعون! اہ.''
(کتاب الإجارۃ، باب الإجارۃ الفاسدہ، ج:6، ص:56، ط:سعید)
العقود الدرية في تنقيح الفتاوى الحامديةمیں ہے:
"ولا شك أن التلاوة المجردة عن التعليم من أعظم الطاعات التي يطلب بها الثواب فلا يصح الاستئجار عليها؛ لأن الاستئجار بيع المنافع وليس للتالي منفعة سوى الثواب ولا يصح بيع الثواب ولأن الأجرة لا تستحق إلا بعد حصول المنفعة للمستأجر والثواب غير معلوم فمن استأجر رجلا ليختم له ختمة ويهدي ثوابها إلى روحه أو روح أحد من أمواته لم يعلم حصول الثواب له حتى يلزمه دفع الأجرة ولو علم حصوله للتالي لم يصح بيعه بالأجرة فكيف وهو غير معلوم بل الظاهر العلم بعدم حصوله؛ لأن شرط الثواب الإخلاص لله تعالى في العمل والقارئ بالأجرة إنما يقرأ لأجل الدنيا لا لوجه الله تعالى بدليل أنه لو علم أن المستأجر لا يدفع له شيئا لا يقرأ له حرفا واحدا خصوصا من جعل ذلك حرفته ."
(كتاب الإجارة، ج: 2، ص: 126، ط: دار المعرفة)
قرة عيون الأخيار(تكملة رد المحتار على الدر المختار) میں ہے:
"وقد أخطأ في هذه المسألة جماعة ظنا منهم أن المفتى به عند المتأخرين جواز الإستئجار على جميع الطاعات، مع أن الذي أفتى به المتأخرون إنما هو التعليم والأذان والإمامة، وصرح المصنف في المنح في كتاب الإجارات وصاحب الهداية وعامة الشراح وأصحاب الفتاوى بتعليل ذلك بالضرورة وخشية الضياع كما مر، ولو جاز على كل طاعة لجاز على الصوم والصلاة والحج مع أنه باطل بالإجماع، وقد أوضحت ذلك في رسالة حافلة ذكرت نبذة في باب الإجارة الفاسدة، والإستئجار على التلاوة وإن صار متعارفا فالعرف لا يجيزه لأنه مخالف للنص، وهو ما استدل به أئمتنا كصاحب الهداية وغيره من قوله عليه الصلاة والسلام: اقرؤوا القرآن ولا تأكلوا به. والعرف إذا خالف النص يرد بالاتفاق، فاحفظ ذلك ولا تمكن ممن اشترى بآيات الله ثمنا قليلا وجعلها دكانا يتعيش منها."
(ج:7، ص:274، ط:دارالفكر)
زبدة النهاية لعُمدة الرعاية على شرح الوقايةمیں ہے:
"فتفكر وتدبر ليظهر عليك قوّة دليل عدم جواز الإستئجار على قراءة القرآن لإتصال الثواب إلى الميت وان كان على القبر أو لا، والإستئجار على ختمِ القرآن في التراويح كما اعتاده الحفّاظُ في زماننا فإنهم يعينون الأجر من قبل، يجبرون المستأجر عليه، والحالُ أنّ الختم في التراويح سنة لاواجبة، والقياس على حجِ البدل قياس مع الفارق."
(كتا ب الإجارة، ج:، ص:562، ط:درالكتب العلمية)
الفقه الإسلامي وأدلته میں ہے:
"أما ما أفتى به المتأخرون، فهو ليس جواز الإستئجار على جميع الطاعات، وإنما جواز الإستئجار على ما تقضي به الضرورة وخشية الضياع، كالاستئجار لتعليم القرآن أو الفقه أو الأذان أو الإمامة خشية التعطل لقلة رغبة الناس في الخير، ولا ضرورة في استئجار شخص يقرأ على القبر أو غيره. ولو جاز الإستئجار على كل طاعة، لجاز على الصوم والصلاة والحج، مع أنه باطل بالإجماع ـ كما قال ابن عابدين".
(الفقه الإسلامي وأدلته للزحيلي، الباب الرابع: الوصايا، ألا يكون الموصى به معصية أو محرما شرعا، 10/ 7484، ط: دار الفكر)
امداد الفتاویٰ (جدید مطول حاشیہ) میں ہے:
": قاعدہ کلیہ فقہیہ ہے:کل طاعة يختص بها المسلم لا يجوز الإستيجار عليها عندنا.
اور دلیل نقلی اس کی یہ ہے :
لقوله عليه السلام اقرؤا القرآن ولا تأكلوا به .
اور عقلی یہ ہے :
لأن القربة متى حصلت وقعت عن العامل ولهذا تتعين لأهليته فلا يجوز له أخذ الأجرة من غيره كما في الصوم والصلوة هكذا في الشامية المجلد الخامس ص: ۵۲ ۔
اور متاخرین نے چند فروع کو اس کلیہ سے استحساناً بعلت ضرورت بقاء وحفظ شعائر دین مستثنی و مخصوص کر لیا ہے۔
في الدر المختار باب الإجارة الفاسدة ويفتى اليوم بصحتها لتعليم القرآن والفقه والإمامة والأذان اٰه في رد المحتار وقد ذكرنا مسئلة تعليم القرآن على استحسان اٰه.يعنى للضرورة آه جلد ۵ ص ۵۳۔
اس سے معلوم ہوا کہ اصل مذہب حرمۃ استیجار علی الطاعۃ ہے اور استثناء بعض فروع کا خلاف اصل مذہب بعلت ضرورة مذکور ہے پس ما سواء فروع مذکور کے بقیہ طاعات کا حکم اپنی اصل پر رہے گا۔
قال في الشامية: بعيد العبارة الأولى المذكورة وقد اتفقت كلمتهم جميعا على التصريح بأصل المذهب من عدم الجواز ثم استثنوا بعده ما علمته، فهذا دليل قاطع و برهان ساطع على أن المفتى به ليس هو جواز الإستيجار على كل طاعة بل على ما ذكروه فقط مما فيه ضرورة ظاهرة تبيح الخروج عن أصل المذهب من طرد المنع فإن مفاهيم الكتب حجة ولو مفهوم لقب على ما صرح به الأصوليون بل هو منطوق فإن الاستثناء من أدوات العموم كما صرحوا به أيضاً اه.
عبارت ہذا سے معلوم ہوا کہ ختم فی التراویح بہ خصوصیت نہ پایا جانا (اگر مسلم ہو )مضر حکم حرمۃ استيجار کیونکہ اولاً مفہوم مخالف روایات فقہیہ میں حجت ہے ثانیاً بوجہ عموم صد ر کلام کے ماسوی المستثنیٰ کو اس ختم علی الاجرت کی حرمت منطوق و منصوص ہے چنانچہ عبارت مذکورہ آنفاً اس پر دال ہے اور اگر قواعد کلیہ کے بعد بھی ہر جزئی کی تصریح خصوصیت کے ساتھ ضروری ہوا کرے تو کسی مسکر جدید الترکیب کی حرمت پر کل مسکر حرام سے استدلال جائز نہ ہوگا وہو باطل دوسرے تلاوۃ لایصال الثواب جس کی حرمۃ استیجار بالخصوص مصرح ہے اس کی تعلیل میں حرمۃ کی تقریر میں علامہ عینی نے شرح ہدایہ میں فرمایا ہے :
ويمنع القارئ للدنيا والاٰخذ والمعطى أثمان فالحاصل أن ما شاع في زماننا من قراءة الأجزاء بالأجرة لا يجوز لأن فيه الأمر بالقراءة وإعطاء الثواب للآمر والقراءة لأجل المال، فإذا لم يكن للقارئ ثواب لعدم النية الصحيحة فأين يصل الثواب إلى المستاجر ولولا الأجرة ماقرء أحد لأحد في هذا الزمان بل جعلوا القرآن العظيم مكسبا و وسيلة إلى جمع الدنيا إنا لله وإنا اليه راجعون اٰه كذا في الشامية ص ۵۳. من المجلد الخامس .
اور ظاہر ہے کہ یہ علت ختم فی التراویح میں جاری ہے پس اشتراک علت سے یہ ختم بھی بالخصوص مصرح ہو گیا کیونکہ ختم تراویح میں بھی مقصود ثو اب ہی ہے ورنہ فی نفسہ شعائر دین سے نہیں اور لوگوں نے اس کو مکسبہ بنالیا ہے ۔ پس اشتراک علت ثابت ہو گیا۔ بہر حال خصوصاً لیا جاوے یا عموماً پھر عموم میں مفہو ماًلیا جاوے یا منطوقاً ہر طرح سے حرمت استیجار علی الختم ثابت ہوگئی اور اس سے زائد تصریح نہ ہونے کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ یہ اس وقت رسم فاسد نہ ہوگی ہر مصنف اپنے زمانہ کے مفاسد پر تنبیہ کیا کرتا ہے لیکن جب دلیل حرمہ کی قائم ہے تو ثبوت حکم متیقن ہے۔ اب باقی رہا جواب تو جیہات جواز کا۔ سوجواز ہذا ختم کے لئے ضرورت کی یہ تقریر جو سوال میں مذکور ہے محض فاسد ہے جس کا منشاء سوء تدبر ہے اور بنا بر ضرورت مزعومہ کے اس کو تعلیم قرآن پر قیاس کرنا بناء الفاسد علی الفاسد ہے کیونکہ تعلیم قرآن خود با عتبار اصل وضع کے موقوف علیہ ہے تعلم کا جو موقوف علیہ ہے حفظ کا پس بحسب اس قاعدہ کے کہ موقوف علیہ کا موقوف علیہ موقوف علیہ ہوتا ہے تعلیم موقوف علیہ ہے حفظ کا اور باعتبار عارض عادة کے تعلیم موقوف ہے اخذ اجرت پر پس اخذا جرت موقوف علیہ ہوا حفظ کا بخلاف ختم مقیس کے کہ وہ باعتبار اصل کے موقوف علیہ نہیں ہے حفظ کا بلکہ معاملہ بالعکس ہے کہ خود حفظ موقوف علیہ ہے ختم کا؛ چنانچہ بدیہی ہے پس حفظ کا توقف ختم پر ثابت نہ ہوا غایت مافی الباب ختم بواسطہ حفظ کے موقوف ہوا، اس اجرت پر جو بعوض تعلیم لی جاتی ہے سو اس کا جواز مفتی بہ ہے اور ختم بلا واسطہ حفظ گواسی اجرت پر موقوف ہے جو بمقابلہ ختم کی جاتی ہے لیکن تعلیم پر قیاس اس لئے جائز نہیں کہ ختم مثل حفظ کے مہمات دین سے نہیں چنانچہ فقہاء نے اس کے سنت ہونے کی تصریح کی ہے بلکہ یہ بھی کہہ دیا ہے کہ اگر قوم پر ختم ثقیل ہو تو اس کا ترک افضل ہے۔
في الدر المختار : ورد المحتار: والختم مرة سنة ولا يترك لكسل القوم لكن في الاختيار الأفضل في زماننا قدر مالا يثقل عليهم وأقره المصنفؒ وغيره إلى قوله ومن لم يكن عالمًا بأهل زمانه فهو جاهل . قوله الأفضل في زماننا لأن تكثير الجمع أفضل من تطويل القراءة إلى قوله : ولهذا قال في البحر : فالحاصل أن المصحح في المذهب أن الختم سنة لكن لا يلزم منه عدم تركه إذا لزم منه تنفير القوم وتعطيل كثير منالمساجد خصوصاً في زماننا فالظاهر اختيار الأخف على القوم مجلد أول ص ۷۳۹.
ان روایات سے اس کا ضروریات دین سے نہ ہونا ظاہر ہے پس جب ختم ضروریات سے نہ ہوا تو اس کا توقف جس اجرۃ پر بعارض عادت مثبت و مسلم ہو اس کا جواز علت ضرورۃ سے کیسے ثابت ہو سکتا ہے بلکہ ایسی حالت میں اس ختم ہی کا اہتمام چھوڑ دیا جاوے گا چنانچہ قاعدہ فقہیہ مقررہ ہے۔
إذا تردد الحكم بين سنة وبدعة كان ترك السنة راجحاً على فعل البدعة كذا في الشامية المجلد الأول صفحه ۶۷۱ .
پس جب اس سنت کے ادا سے ایک بدعت کا ارتکاب کرنا پڑتا ہے تو اس سنت ہی کو ترک کردیں گے اور اگر کوئی شخص توقف حفظ علی الختم الموقوف على الاجرة کی یہ توجیہ کرے کہ مراد تو قف الحفظ على تصور الختم بالاجرة وتوقعہ ہے سو اولاً اس عادة کا فاشی اور شائع ہونا غلط ہے۔ ثانیا تحصیل قرآن و حفظ کے وقت اکثر محصلین کو اس کی طرف التفات بھی نہیں ہوتا اسی طرح اگر یہ توجیہ کی جاوے کہ بدون اجرت کے ختم نہ کریں گے اور بدون ختم کے محفوظ نہ رہے گا سو اس کا بھی اولاً عادة فاشیہ ہونا غلط ہزاروں بندگان خدا سامعین کو دیکر اپنے بقاء حفظ کیلئے پڑھتے ہیں ۔ ثانیاً یہ تو قف دونوں تو جیہوں میں باعتبار اصل وضع کے نہیں ہے جیسا تعلیم میں تھا بلکہ اپنی سوء طمع سے ہے اگر اس کا اعتبار کیا جاوے تو صوم وصلوٰۃ میں بھی اگر کسی زمان یا مکان میں اشتراط اجرت ہونے لگے اور بدون اس کے کوئی نہ پڑھے تو چاہئے کہ اسی تقریر سے وہاں بھی اخذا جرت کے جواز کا حکم کر دیا جاوے۔۔۔الخ"
(بعنوان: اُجرت لے کر تراویح میں قرآن سنانے کا حکم ،کتاب الصلاۃ، ج:2، ص:339-335،ط: مکتبہ زکریا)
فتاوی رشیدیہ جدید میں ہے:
" حافظوں کو اجرت پر قرآنا سنانا حرام ہے اور اجرت بھی ناجائز ہے اذان و امامت اور تعلیم ووعظ اس کو متاخرین نے بوجہ ضرورت استثناء کیا ہے۔ قرآن سنانے میں کوئی ضرورت نہیں جس نے قرآن سنانے کو اذان پر قیاس کیا ہے وہ غلط ہے۔ "
(کتاب الصلوۃ، باب التراویح، ج:2، ص:58، ط:المکتبۃ الحنفیۃ)
فتاوی مظاہرعلم المعروف بہ فتاویٰ خلیلیہ میں ہے:
" اجرت دے کر قرآن شریف سننا شرعاً جائز نہیں لینے والا اور دینے والا دونوں گناہ گار ہیں۔"
(کتاب الصلوۃ، باب التراویح،ج:1، ص:122، ط:مکتبۃ الشیخ)
کفایت المفتیٰ میں ہے:
"اجرت دے کر قرآن شریف تراویح میں پڑھوانا درست نہیں اگر بے اجرت لئے ہوئے پڑھنے والا حافظ نہ ملے تو سورت تراویح پڑھنا بہتر ہے۔"
(کتاب الصلاۃ، ج:3، ص:409 ،ط:دارالاشاعت)
فتاوی دارالعلوم دیوبند میں ہے:
"اجرت پر قرآن شریف پڑھنا درست نہیں ہے اور اس میں ثواب نہیں ہے اور بحکم المعروف کالمشروط جن کی نیت لینے دینے کی ہے وہ بھی اجرت کے حکم میں ہے اور ناجائز ہے اس حالت میں صرف تراویح پڑھنا اور اجرت کا قرآن شریف نہ سننا بہتر ہے۔"
(کتاب الصلوۃ، ج:4، ص:246، ط:دارالاشاعت)
فتاوی محمودیہ میں ہے:
"تراویح میں قرآن پاک سنانے کی اجرت لینا جائز نہیں، اگر پہلے سے باقاعدہ اجرت طے نہ کی جاۓ، لیکن دستور کے موافق امام کے ذہن میں بھی ہے کہ مجھے ملے گا اور نمازیوں کے ذہن میں بھی ہے کہ امام کو دیا جاۓ گا تو "المعروف كالمشروط" کے تحت ہی صورت بھی طے کرنے کے حکم میں ہو کر نا جا ئز ہے ۔"
(کتاب الاجارۃ، باب الاستیجار علی الطاعات، ج:17، ص:74، ط:ادارۃ الفاروق)
جواہر الفقہ جدید میں ہے:
"کسی جگہ حافظ قرآن سنانے والا نہ ملے، یا ملے مگر سنانے پر اجرت و معاوضہ طلب کرے، تو چھوٹی سورتوں سے نماز تراویح ادا کریں اجرت دے کر قرآن نہ سنیں؛ کیوں کہ قرآن سنانے پر اجرت لینا اور دینا حرام ہے۔"
(احکام رمضان المبارک ، ج:3، ص:522، ط:مکتبہ دارالعلوم کراچی)
فقط واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
فتویٰ نمبر : 144609102338
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن