بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 محرم 1448ھ 23 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

ڈیلیوری کا اجمالی خرچہ بتا کر علاج کرنا


سوال

اگر کوئی ہاسپٹل والے کسی حاملہ عورت کی ولادت کے وقت کوئی تفصیل بیان کیے بغیر یہ کہیں کہ ہمارے یہاں نارمل ڈلیوری مثلا پینتالیس ہزار میں ہوتی ہے، جبکہ تفصیل دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ اصل ڈلیوری کے چھتیس ہزار ہیں، باقی ۹ ہزار ضرورت کے وقت بچہ ویکیوم کے ذریعہ کھینچنے کے ہیں، مگر ان کا کہنا ہے کہ عام طور سے اب پہلا بچہ ویکیوم کے ذریعہ ہی ہوتاہے لیکن لازمی نہیں ہے، اس لیے ہم بغیر بتائے اس کی فیس اکھٹے ہی لے لیتے ہیں، کیوں کہ بعد میں لوگ دینے میں زحمت کرتے ہیں، اور ضرورت نہ پڑنے کی صورت میں واپس کر دیتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان کا اس طرح کہنا صحیح ہے، یا ایسا کہناجھوٹ کے زمرے میں آئے گا؟ اگر جھوٹ ہے اور ایسا نہیں کہنا چاہیے، تو الفاظ یا افعال میں اس کا متبادل کیا ہو سکتا ہے؟

جواب

صورت مسئولہ میں ہسپتال والے اگر تفصیل بتائے بغیر نارمل ڈیلیوری کی فیس ابتداء سے ہی پنتالیس ہزار  مقرر کریں تو اس میں کوئی حرج نہیں اور  بچہ پیدا ہونے کے بعد پنتالیس ہزار  ادا کرنا لازم ہو گا، بعد میں اگر ہسپتال والے اس میں سے کچھ رقم واپس کرتے ہیں تو یہ  بھی جائز ہو گا۔

البتہ اگر ہسپتال کی انتظامیہ ہر ہر چیز کا تفصیلی خرچہ بتائے تو اس صورت میں جو چیزیں استعمال ہو جائیں صرف اسی کا خرچہ لازم ہوگا، اور جو چیزاستعمال نہیں ہوئی ہوں گی ان کو خرچہ میں شامل کرنا جائز نہیں ہوگا۔

درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام میں ہے:

"شرط الصحة أنواع: النوع الأول: رضاء العاقدین ۔ النوع الثاني : تعیین المأجور ۔ النوع الثالث: تعیین الأجرة ۔ النوع الرابع: تعیین المنفعة۔ النوع الخامس: أن یمکن استیفاء المنفعة۔ النوع السادس: وجود شرط الانعقاد."

(ج: 1، ص: 495، ط: دار الجیل)

النتف في الفتاوى میں ہے:

"واعلم أن صحة الإجارة متعلقة بشيئين: إعلام الأجر وإعلام العمل،فإذا كان أحدهما مجهولا فالإجارة فاسدة."

(كتاب الإجارة، ج: 2، ص: 558، ط: مؤسسة الرسالة - بيروت)

فقط واللہ اعلم 


فتویٰ نمبر : 144706100841

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں