بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

کرونا وائرس سے بچنے کے لیے الکحل پر مشتمل Hand sanitizer استعمال کرنا


سوال

کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے "الکحل آمیز سینیٹائزر" کا ہاتھ دھونے کے لیے استعمال کرنا جائز ہوگا یا نہیں ؟

جواب

الکحل کی دو قسمیں ہیں:

(1) ایک وہ جو منقیٰ، انگور، یا کھجور کی شراب سےحاصل کی گئی ہو،  یہ بالاتفاق ناپاک  وحرام ہے، اس کا استعمال اور اس کی خریدوفروخت ناجائز ہے۔

(2) دوسری  وہ جو مذکورہ  بالا اشیاء کے علاوہ کسی اور چیز مثلاً جو، آلو، شہد، گنا، سبزی وغیرہ سے حاصل کی گئی ہو، اس کا استعمال اور اس کی خرید و فروخت جائز ہے،  بشر ط یہ کہ نشہ آور نہ ہو۔

عام طور پر ادویات ، پرفیوم اور دیگر مرکبات  میں جو الکحل استعمال ہوتی ہے وہ انگوریا کھجور وغیرہ سے حاصل نہیں کی جاتی، بلکہ  دیگر اشیاء سے بنائی جاتی ہے، لہذا  کسی چیز  کے بارے میں جب تک  تحقیق سے ثابت  نہ ہوجائے کہ اس  میں  پہلی قسم (منقیٰ، انگور، یا کھجور کی شراب )سے حاصل شدہ الکحل ہے ، اس وقت تک اس کے استعمال کو  ناجائز اور حرام نہیں کہہ سکتے،  تاہم اگر احتیاط پر عمل کرتے ہوئے اس سے بھی اجتناب کیا جائے تو یہ زیادہ بہتر ہے۔

 انگوراور کھجور  کے علاوہ  دیگر ذرائع سےحاصل شدہ  ایتھائل الکحل کا استعمال ذاتی استعمال کی اشیاء میں سے خارجی استعمال کی مصنوعات   میں جائز ہے ،  مثلاً ٹوتھ پیسٹ، خوشبویات  ہاتھ صاف  کرنے کی چیزیں، اور ذاتی استعمال کی دیگر اشیاء وغیرہ ، جب کہ ان ہی مصنوعات میں اگر انگور  یا کھجور سے حاصل شدہ  ایتھائل الکحل استعمال ہو تو ان کا استعمال جائز نہیں ہے۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں کرونا وائرس یا کسی بھی بیماری  سے بچاؤ کے لیےایسے HAND  SANITIZER"  کا استعمال جس میں  انگور اور کھجور سے حاصل شدہ  ایتھائل الکحل کا استعمال  کیا گیا ہو جائز نہیں، البتہ اگر اس HAND  SANITIZER"  میں انگوراور کھجور  کے علاوہ  دیگر ذرائع سےحاصل شدہ  ایتھائل الکحل کا استعمال  کیا جاتاہے تو اس کا استعمال جائز ہوگا۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200282

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں