بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

28 ذو الحجة 1447ھ 14 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

بیوی کا بچوں کو سوٹ دلوانے پر طلاق معلق کرنا۔


سوال

ایک شخص نے اپنی بیوی سے کہا: ’’اگر آپ نے عید کے لیے،فلاں کی شادی کے لیے بچے کو سوٹ دلوایا تو تجھے طلاق ہوگی۔‘‘ پھر کچھ عرصہ بعد شوہر خود اپنی بیوی کو ساتھ لے کر بازار گیا اور بچے کے لیے دو سوٹ خرید لیے۔ ان میں سے ایک سوٹ کی قیمت پہلے ہی کسی دوسرے شخص نے ادا کر دی تھی، جبکہ دوسرا سوٹ شوہر نے اپنی رقم سے خریدا۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ اس صورت میں طلاق واقع ہوگی یا نہیں؟ نیز اگر خریدنے کے بعد دوسرے سوٹ کی قیمت بھی کوئی دوسرا شخص اپنی طرف سے ادا کر دے تو کیا اس سے طلاق سے بچاؤ ہوجائے گا، یا طلاق بہرحال واقع ہوچکی ہوگی؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ شخص نے طلاق کو بیوی کے اس فعل پر معلّق کیا تھا کہ: ’’اگر آپ نے عید کے لیے یا فلاں کی شادی کے لیے بچے کو سوٹ دلایا تو طلاق ہوگی۔‘‘ بعد میں شوہر کا بیوی کو بازار لے جانا اور خود سوٹ خریدنےسے شرط نہیں پائی گئی،کیونکہ سوٹ بیوی نے خود نہیں خریدا، بلکہ شوہر نے خریدا اور بچے کو دلوایا، لہٰذا اس صورت میں مذکورہ شخص کی بیوی پر طلاق واقع نہیں ہوئی۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

" ألفاظ الشرط إن وإذا وإذما وكل وكلما ومتى ومتى ما ففي هذه الألفاظ إذا وجد الشرط انحلت اليمين وانتهت لأنها تقتضي العموم والتكرار فبوجود الفعل مرة تم الشرط وانحلت اليمين فلا يتحقق الحنث بعده. "

(كتاب الطلاق، الفصل الأول في ألفاظ الشرط، ج:1، ص: 415، ط:دار الفكر بيروت)

الموسوعۃ الفقہیۃ الكویتیۃ میں  ہے:

"إذا علق الزوج الطلاق على شرط، فإنه ينحل بحصول الشرط المعلق عليه مرة واحدة، مع وقوع الطلاق به على الزوجة في هذه المرة، فإذا عادت إليه ثانية في العدة أو بعدها، لم تقع عليها به طلقة أخرى لانحلاله، هذا ما لم يكن التعليق بلفظ (كلما) ، وإلا وقع عليهابه ثانية وثالثة؛ لأن كلما تفيد التكرار دون غيرها."

( کتاب التطلاق، الطلاق المعلق على شرط، ج:29،  ص:41، ط:دارالسلاسل - الكويت)

فقط وألله أعلم.


فتویٰ نمبر : 144712100165

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں