بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بیماری کی وجہ سے منی نکلے


سوال

 جس کو دھات  کی بیماری ہو یعنی پیشاب کرنے سے پہلے یا بعد میں یا کسی بھی وقت بیماری کی وجہ سے منی نکل آتی ہو تو ایسا شخص نماز پڑھے گا یا نہیں؟ اور پاکی کیسے حاصل کرے گا؟

جواب

منی نکلنے سے غسل واجب ہونے کی شرط یہ ہےکہ منی شہوت کےساتھ  اچھل کرنکلے، اگرنہ شہوت ہو اورنہ اچھل کر نکلےمثلاً کسی بیماری کی وجہ سےیا کم زوری کی وجہ سے مذکورہ شرط کے بغیر منی نکلے توغسل واجب نہیں ہوتا۔  نیز ایسے شخص پر نماز پڑھنا فرض ہے۔

اگر پیشاب سے پہلے یا بعد میں قطرے خارج ہوئے، لیکن جسم یا کپڑوں پر نہیں لگے تو استنجا کرنے سے ہی پاکی حاصل ہوجائے گی، اس کے بعد وضو کرکے نماز ادا کرلے۔

اور اگر  جسم یا کپڑوں پر منی لگی ہو اور وہ سوکھ  جائے یا تر ہو تو  دونوں صورتوں میں کپڑے  یا جسم ناپاک ہوجائیں گے، اور اگر اس کی مقدار ایک درہم سے زائد ہو تو اس میں نماز پڑھنا بھی جائز نہ ہو گا۔ اور اگر منی لگے کپڑوں یا جسم کے اس حصے کو  اچھی طرح دھولیا جائے، اور منی کے اثرات بالکل ختم ہوجائیں اور اب کپڑوں پر  صرف پانی کی تری باقی ہو تو کپڑے پاک شمار ہوں گے۔

اگر منی ایک درہم کی مقدار سے کم ہو تو علم ہوتے ہوئے ایسے کپڑوں میں نماز ادا کرنا مکروہِ تحریمی ہے، لہٰذا اگر علم ہوتو اس صورت میں بھی اسے دھوکر پاک کرکے نماز ادا کرنی چاہیے، اور اگر انہیں کپڑوں میں نماز ادا کرلی تو وقت کے اندر نماز کا اعادہ واجب ہوگا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109200926

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں