
آج کل جو ہم گھروں میں برتن استعمال کرتے ہیں، جس کو عام طور پر میلامائن کہتے ہیں، اس کے متعلق پوچھنا یہ تھا کہ یہ اصل میں میلامائن نہیں ہوتا ؛کیوں کہ میلامائن بہت مہنگا ہے یہ یوریا پاؤڈر ہوتا ہے جو میلامائن کی طرح ہوتا ہے، اس میں فرق نہیں ہوتا، لیکن میلامائن خود فوڈ سیف ہوتا ہے اور یوریا میں اوپر سے گلیز استعمال کرنی پڑتی ہے، جو فوڈ سیف ہوتی ہے، کچھ وقت کے بعد بار بار دھونے سے وہ گلیز ختم ہوتی ہے، تو پھر پلیٹوں کا استعمال کرنا نقصان دہ ہوتا ہے ۔
تومفتی صاحب ان پلیٹس کی مینوفیکچرنگ کرنا یا اس کی ٹریڈنگ کرنا ٹھیک ہے؟
صورتِ مسئولہ میں اگر یوریا پاؤڈر سے بنائے گئے برتن جن پر اوپر سے گلیز استعمال کی جاتی ہے، اگر ان کی خرید وفروخت کی قانونًا ممانعت نہ ہو، نیز ان کا مطلق استعمال نقصان دہ نہ ہو بلکہ کچھ مدت کے بعد ان میں تغیر آتاہو تو اس صورت میں ایسے برتنوں کی مینیوفیکچرنگ کرنا جائز ہے، البتہ یوریا پاؤڈرکی مینیوفیکچرنگ سے بنائے گئےبرتنوں کو میلامائن کے برتن کہہ کر فروخت کرنا دھوکہ دہی کی بناء پر جائز نہ ہوگا۔
فتاوی شامی میں ہے :
"قال في الدر:وفي الأشباه في قاعدة: الأصل الإباحة أو التوقف، ويظهر أثره فيما أشكل حاله كالحيوان المشكل أمره والنبات المجهول سمته اهـ. قلت: فيفهم منه حكم النبات الذي شاع في زماننا المسمى بالتتن فتنبه.
قال في الرد:(قوله: ربما أضر بالبدن) الواقع أنه يختلف باختلاف المستعملين ط. قوله الأصل الإباحة أو التوقف) المختار الأول عند الجمهور من الحنفية والشافعية كما صرح به المحقق ابن الهمام في تحرير الأصول (قوله فيفهم منه حكم النبات) وهو الإباحة على المختار أو التوقف."
(کتاب الاشربة، مدخل، ج:6، ص:460، ط:سعید)
مصنف ابن ابی شیبۃ میں ہے:
«حدثنا أبو بكر قال: حدثنا خالد بن مخلد عن سليمان بن بلال (عن سهيل) عن أبيه عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " (من) غشنا فليس منا".
(كتاب البيوع، ما ذكر في الغش، ج:13، ص:19، ط:دار كنوز إشبيليا،الرياض)
ترجمہ: حضرت سہیل اپنے والد سے اور وہ ابو ہریرہؓ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جو ہمیں دھوکہ دے، وہ ہم میں سے نہیں ہے۔
فتاویٰ شامی میں ہے:
"لا يحل كتمان العيب في مبيع أو ثمن؛ لأن الغش حرام، إذا باع سلعة معيبة، عليه البيان."
(كتاب البيوع، باب خيار العيب، ج:5، ص:47، ط:سعيد)
فقط والله أعلم
فتویٰ نمبر : 144612100934
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن