بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

بالوں پر تیل لگانے کا طریقہ


سوال

بالوں کو تیل لگانے کا مسنون طریقہ كيا هے؟ اور آپ علیہ السلام کون سا تیل استعمال فرماتے تھے؟

جواب

احادیثِ مبارکہ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ جو شخص بال رکھے ان کا اِکرام بھی کرے،  یعنی کنگھی اور تیل وغیرہ کا اہتمام کرے اور بالوں کو صاف ستھر ا رکھے اور  ان کو پراگندہ ہونے سے بچائے،  حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سر میں بہت زیادہ تیل استعمال فرماتے تھے، اور یہ بھی روایت میں ہے کہ آپ ﷺ تیل لگانے کے بعد سر پر ایک کپڑا رکھتے تھے، وہ کپڑا تیل سے اتنا تر ہوجاتا گویا تیل والے کا کپڑا معلوم ہوتا تھا۔ (شمائلِ ترمذی، باب ماجاء فی ترجل رسول اللہ ﷺ، ص:3،4 ط:قدیمی)

زیتون کا تیل کھانے اور لگانے کی ترغیب روایات میں موجود ہے، البتہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کون سا تیل لگاتے تھے ؟اور  کس خاص طریقہ پر تیل لگاتے تھے؟اس کے  متعلق   صحیح روایات  میں کوئی   حدیث نہیں مل سکی۔

نیز احادیث کے ابواب الترجل میں  اس بات کا تو ذکر ہے کہ رسول اللہ ﷺ طہارت کے حصول، کنگھی کرنے اور جوتا پہننے الغرض ہر اچھے کام میں دائیں ہاتھ سے کرنے کو پسند فرماتے تھے، اور ان ابواب میں بعض روایات میں تیل لگانے کا بھی ذکر ہے، لیکن اس حوالے سے صراحت نہیں ملی کہ تیل لگانے میں بھی آں جناب ﷺ کا معمول دائیں جانب سے تیل لگانے کے آغاز کا تھا۔

وفي سنن الترمذي :

"عن عمر بن الخطاب قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: كلوا الزيت وادهنوا به فإنه من ‌شجرة ‌مباركة."

(‌‌باب ما جاء في أكل الزيت،4/ 285 ،الناشر: شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي - مصر)

وفي مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح :

"وعن أبي هريرة أن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - قال: " من كان له شعر) : بفتح العين ويسكن، والظاهر أن المراد به شعر الرأس (فليكرمه) : أي فليزينه ولينظفه بالغسل والتدهين ولا يتركه متفرقا ; فإن النظافة وحسن المنظر محبوب."

(باب الترجل،7/ 2827،الناشر: دار الفكر)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411101482

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں