بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بیرونِ ملک میں موجود شخص کا صدقہ فطر گندم سے ادا کرنا


سوال

اگر ایک مسافر باہر ملک سے پیسے بھیجے  اور ان پیسوں سےگندم خرید لی جائے،  اور اس کو  صدقہ فطر  میں  دےدیں،  تو  صدقہ  فطر  ادا  ہو  جائے  گا؟

جواب

واضح رہے کہ اگر بیرونِ ملک سے  کوئی شخص پیسے بھیجے اور اس سے گندم خرید لی گئی ہو، پھر اس شخص کے کہنے(اجازت دینے) پر اس گندم سے الگ کرکے صدقہ فطر ادا کرنا  چاہیں، تو ایسا کرنا جائز ہے اور اس صورت میں پونے دو کلو گندم یا احتیاطاً دو کلو گندم اس شخص کی طرف سے ادا کردی جائے؛ البتہ اگر اس شخص کے پیسوں سے گندم نہیں خریدی گئی تھی تو صدقۂ فطر دینے کے لیے گندم خرید کر دینے سے بہتر ہے کہ اس کی قیمت ادا کردی جائے، اس صورت میں جہاں ادائیگی کرنے والا موجود ہے  وہاں کا اعتبار ہوگا، لہذا بیرونِ ملک موجود شخص کا صدقۂ  فطر وہاں کی (گندم یا دیگر مذکورہ اشیاء کے)  نرخ کے حساب سے دینا لازم ہوگا،  چناں چہ مذکورہ شخص اور اس کے نابالغ بچوں کا صدقہ فطر بھی وہیں کی قیمت کے حساب ادا کردیا جائے،   خواہ  یہ قیمت وہ بیرونِ ملک میں ادا کرے یا اس کی اجازت سے پاکستان میں ادا کی جائے۔

فتاوی شامی  میں ہے:

"والمعتبر في الزكاة فقراء مكان المال، وفي الوصية مكان الموصي، وفي الفطرة مكان المؤدي عند محمد، وهو الأصح، وأن رءوسهم تبع لرأسه.(قوله: مكان المؤدي) أي لا مكان الرأس الذي يؤدي عنه (قوله: وهو الأصح) بل صرح في النهاية والعناية بأنه ظاهر الرواية، كما في الشرنبلالية، وهو المذهب كما في البحر؛ فكان أولى مما في الفتح من تصحيح قولهما باعتبار مكان المؤدى عنه."

(کتاب الزکاۃ،باب مصرف الزكاة والعشر، ج: 2، ص: 355، ط: ایچ، ایم، سعید)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"ثم المعتبر في الزكاة مكان المال حتى لو كان هو في بلد، وماله في بلد آخر يفرق في موضع المال، وفي صدقة الفطر يعتبر مكانه لا مكان أولاده الصغار وعبيده في الصحيح، كذا في التبيين. وعليه الفتوى، كذا في المضمرات."

(ج:1، ص: 190، ط: دارالفکر)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144409101375

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں